افغان سیاسی حکومت کا قیام امریکہ نے چین اور پاکستان سے مدد مانگ لی

واشنگٹن:  امریکا نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان میں سیاسی مفاہمت اور فریقین کے درمیان تصفیے کے لیے پاکستان اور چین ہماری مدد کریں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے افغانستان میں سیاسی تصفیے کے لیے پاکستان اور چین سے مدد مانگ لی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ تمام پڑوس ممالک افغانستان میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں مزید کہا کہ بائیڈن انتظامیہ امن کے لیے افغانستان کے تمام پڑوسیوں سے رابطے میں ہے اور ہم نے افغانستان کے تمام پڑوسیوں بالخصوص پاکستان اور چین کے سامنے یہ بات رکھی ہے کہ افغانستان میں استحکام، سلامتی اور سیاسی تصفیے کی تیاری میں ہماری مدد کریں۔ یہ سب کے مفاد میں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چاہے پاکستان ہو یا چین ہو یا پھر وہ ممالک ہوں جن کا افغانستان میں کوئی نہ کوئی کردار رہا ہے ، ہم نے ان سب کے ساتھ تعمیری گفتگو جاری رکھی ہے حالانکہ جب چین کی بات آتی ہے تو ظاہر ہے کہ ہمارے مفادات بہت کم ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ’ہم اس پر بات چیت جاری رکھیں گے کہ ہم خطے کے ساتھیوں کے ہمراہ افغان شہریوں کی انسانی ضروریات کے لیے کیا کر سکتے ہیں’۔ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے زیادہ دیگر جگہوں سے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے،افغانستان میں دہشت گردی کے ممکنہ نیٹ ورک پرحملہ کرنے کی فضائی صلاحیت برقرار رکھیں گے، امریکہ اور اس کے اتحادی طالبان کے حوالے سے مشترکہ پالیسی اختیار کریں گے۔ ابھی نہیں بتا سکتے کہ افغانستان میں حالات کس کروٹ بیٹھیں گے؟ تاہم انہوں نے کہا کہ جو بھی افغانستان چھوڑنا چاہتا ہے اسے واپس لائیں گے۔ امریکی صدر نے یہ بات افغانستان کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے افغانستان میں موجود امریکی شہریوں کی تعداد سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں موجود امریکی شہریوں کی تعداد جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔صدر جوبائیڈن نے کہا کہ 13ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے نکال چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 204امریکی صحافیوں کو بھی وہاں سے نکالا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا 6 ہزار امریکی فوجی اس وقت افغانستان میں موجود ہیں۔امریکی صدرنے کہا کہ انخلا کے دوران امریکہ مسلسل طالبان سے رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ کے نزدیک کسی بھی ممکنہ دہشت گرد حملے پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔صدرجوبائیڈن نے کہا کہ آئندہ ہفتے افغانستان کی صورتحال پر جی سیون ممالک کا اجلاس ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی طالبان کے حوالے سے مشترکہ پالیسی اختیار کریں گے۔امریکہ کے صدر نے واضح کیا کہ انخلا کا آپریشن مشکل اور خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور اتحادی ممالک کے شہریوں کو افغانستان سے لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔صدر جوبائیڈن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے زیادہ دیگر جگہوں سے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے واضح طور پرکہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کے ممکنہ نیٹ ورک پرحملہ کرنے کی فضائی صلاحیت برقرار رکھیں گے۔ ترجمان پینٹا گان جان کربی نے کہاہے کہ ضرورت پڑی تو کابل ائیرپورٹ سے باہر جا کر امریکی شہریوں کی مدد کریں گے، 20 سال قبل القاعدہ انتہائی خطرناک تھی جسے تباہ کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی، انھوں نے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ افغانستان میں داعش کا وجود ہے، لیکن داعش اور طالبان دشمنی کی حد تک آپس میں تنازعے کا شکار ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان پینٹا گان کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ طالبان سے رابطہ کر کے انہیں بتا دیا گیا ہے کہ جن افراد کے پاس امریکہ سفر کرنے کی ضروری دستاویزات ہوں انھیں کابل ائیر پورٹ تک آنے دیا جائے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ترجمان جان کربی نے بتایا کہ امریکہ یہ صلاحیت رکھتا ہے کہ اپنے شہریوں کی ہر صورت مدد کرے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔بقول ان کے اس بات میں شک کی گنجائش نہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم کابل ایئرپورٹ سے باہر جا کر اپنے شہریوں کی مدد کریں گے۔محکمہ دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ اب تک اس ضمن میں طالبان ہماری ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، اور ہمیں اس کے برعکس کوئی شکایت نہیں ملی۔ کچھ غیر مصدقہ شکایات ایسی بھی سنی گئی ہیں کہ کچھ افراد کو روکا گیا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں پینٹاگان کے ترجمان نے کہا کہ 20 سال قبل القاعدہ انتہائی خطرناک تھی جسے تباہ کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی، انھوں نے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ افغانستان میں داعش کا وجود ہے، لیکن داعش اور طالبان دشمنی کی حد تک آپس میں تنازعے کا شکار ہیں۔پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے بتایا کہ امریکی فورسز نے ایئرپورٹ کے احاطے کے باہر سے کچھ امریکی شہریوں کو فضائی ذریعے سے اندر پہنچانے میں مدد فراہم کی۔ روس کے صدرولاد میر پیوٹن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے طالبان سے تعلقات کے حوالے سے اشارے دیئے ہیں۔روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکمرانی حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا اہم ہے۔ادھر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو برطانیہ طالبان کیساتھ کام جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں چین نے کہا ہے کہ انسانی المیہ اور خانہ جنگی روکنا ہی مہاجرین کے مسئلے کا بنیادی حل ہے۔ عالمی برادری کی اولین ترجیح افغانستان کے تمام دھڑوں کو متحد کرنا اور بات چیت کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔

حکومت نے ٹیکس نہ دینے والے ڈیڑھ کروڑ افراد کا سراغ لگا لیا

ملتان (جنرل رپورٹر)  پی ٹی آئی کی حکومت نے نادرا کے تعاون سے ڈیڑھ کروڑ ایسے افراد کا سراغ لگالیا ہے جوقابل ٹیکس آمدن ہونے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ آئے روز جائیدادوں کی خریدو فروخت کرتے ہیں۔ ان کے بیرون ملک دورے، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعلیم،گاڑیاں اور گھریلو اخراجات لاکھوں میں ہیں مگران کا شمارنان فائلر میں ہوتا ہے۔ ایف بی آر کے پاس ٹیکس پیئر ز کی تعداد72لاکھ ہے۔ جوانہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے اکٹھی کی ہے۔ ایف بی آرحکام نے دعویٰ کیاہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی مد د سے کسی بھی شہری کی 80 سے 90 فیصد آمدن کادرست اندازہ لگانے کی پوزیشن میں ہیں اور یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ایف بی آرٹیکس نادہندگان کے دروازے کھٹکھٹانے جارہاہے اوراس تاثر کو بھی ختم کیا جا رہا ہے کہ ایف بی آر عام افراد کو ہراساں کر رہا ہے۔ چنانچہ حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) سے 1500آڈیٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ جوسلیکٹڈ افراد کے اکاؤنٹس اور گوشواروں کاآڈٹ کریں گے۔ افغانستان میں ہی طالبان کی حکومت آنے کے بعد پاکستان کوامید ہے کہ نہ صرف سنٹرل ایشین ریاستوں تک رسائی آسان ہوجائے گی بلکہ پاک افغان دوطرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا کیونکہ سابق افغان حکومت کا جھکاؤ بھارت کی جانب تھا۔ اسی طرح بھارت افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہاتھا۔

6ماہ کا ‘جے’ کرینہ کے ساتھ چھٹیوں پر نکل پڑا

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کا 6 ماہ کا بیٹا جہانگیرعلی خان والدہ کے ہمراہ چھٹیوں پرچلا گیا۔

6 ماہ قبل کرینہ کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے بعد ان کے بیٹے جہانگیر کے نام پر بھی تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

اس سے قبل بڑے بیٹے تیمور علی خان کے نام پر بھی بھارت میں ہنگامہ مچا تھا۔

ان تنازعات کے بعد اب کرینہ کپور فیملی کے ہمراہ مالدیپ میں چھٹیاں منانے پہنچی ہیں۔

نوازشریف اور پارٹی کے نظریے سے آپ کی مثالی وابستگی پر ہمیں فخر ہے، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  پارٹی کے عہدیداروں سے کہا کہ نواز شریف اور پارٹی کے نظریے سے آپ کی مثالی وابستگی پر ہمیں فخر ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کی بلوچستان شاخ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم سازی اورمستقبل کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر غور کیاگیا ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ نے پارٹی تنظیمی امورسے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔

 شہبازشریف نےپارٹی کے عہدیداروں اور کارکنان کے جذبے، لگن اور پارٹی سے نظریاتی وابستگی کو سراہا۔

اجلاس میں خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

شاہ محمود کا روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف  سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزرائےخارجہ نے دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان نے ہمیشہ افغان امن عمل کی حمایت کی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور روس نے “ٹرائیکا پلس” کا حصہ ہونے کے ناطے افغان امن کیلئے بھرپورکردار ادا کیا، افغانوں کی سکیورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ جامع سیاسی تصفیے کے ذریعےافغانستان میں دیرپا قیام امن کی راہ ہموارکی جاسکتی ہے۔

دونوں ممالک کے وزرائےخارجہ نے افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

چاندی کا تمغہ اور ’سونے کا دل‘ رکھنے والی خاتون کھلاڑی

چاندی کا تمغہ اور ’سونے کا دل‘ رکھنے والی خاتون کھلاڑی
ماریہ آندرجیک نے بچے کے علاج کے لیے اولمپکس میں جیتاتمغہ فروخت کر دیا
مارکیٹ چین ’ابکا‘ نےتمغے کی بولی ایک لاکھ 25 ہزارڈالرمیں جیت لی
رقم سے 8ماہ کےبچے کو دل کی سرجری کروانے میں مدد ملے گی

انجلینا جولی بھی انسٹاگرام پرآگئیں، افغان لڑکی کا خط شیئر کر دیا افغان عوام کی آوازدنیا بھر میں شیئر کروں گی،انجلینا جولی

انجلینا جولی بھی انسٹاگرام پرآگئیں، افغان لڑکی کا خط شیئر کر دیا
انجلینا جولی نے باقاعدہ طور پر انسٹاگرام میں شمولیت اختیار کر لی
افغان عوام کی آوازدنیا بھر میں شیئر کروں گی،انجلینا جولی

پی آئی اے نے کابل کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا

پاکستان انٹرنیشل ائیر لائنز ( پی آئی اے)   نے کابل کیلئے فلائٹ آپریشن فی الحال معطل کر دیا  ہے ۔

پی آئی اے کے کابل فلائٹ آپریشن میں شریک عملے کے ایک اہم رکن نے جیو نیوز کو بتایا کہ کابل ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کیلئے حالات بہت خراب ہیں ، ضروری سہولیات تک دستیاب نہیں اور ائیر پورٹ پر عملہ بھی موجود نہیں جس کی وجہ سے پی آئی اے نے فی الحال کابل کیلئے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں اور ہفتے کے دن کیلئے پروازیں شیڈول نہیں کی ہیں۔

پروازیں معطل کرنے کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ائیر پورٹ کے ٹارمک اور ٹیکسی وے پر کچرا پڑا ہے  اور صفائی کا عملہ موجود نہیں ،خدشہ ہے کہ طیارے کے انجن رن وے پر پڑا کچرا اندر نہ کھنچ لیں جس سے انجن پرواز کے قابل نہ رہیں۔

 اس کے علاوہ کابل ائیرپورٹ پر امیگریشن اور سکیورٹی چیک کا بھی کوئی انتظام نہیں، اسلام آبادسے ساتھ جانے والے  ائیر پورٹ سکیورٹی  فورس (اے ایس ایف) کے ائیر گارڈز طیارے میں سوار ہونے والے مسافروں کی سکیورٹی خود  چیک  کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ مسافروں کا ائیر پورٹ پہنچنا مشکل ہو رہا ہے  اس لیے جمعے کوآپریٹ ہونے والی پی آئی اے کی دونوں پروازوں کے مسافروں کو پہلے کابل کے پاکستانی سفارت خانے میں جمع ہونے کو کہا گیا اور  پھر بسوں میں ائیر پورٹ پہنچایا گیا ، مسافروں میں جرمنی اور فلپائن سمیت مختلف ممالک کے سفارت کار، صحافی ،ورلڈ بینک اور دوسرے عالمی اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ پاکستانی اور افغان شہری بھی شامل تھے ۔

افغانستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ بھی جمعے کو  پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے پاکستان آگئے ہیں جس کی وجہ  سے کابل ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کی صوتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ٹیسلا کمپنی نے انسان نما اے آئی روبوٹ بنانے کا اعلان کردیا

ٹیکساس: اسٹارلنک سیٹلائٹ، دماغی چپ اور خودکار ٹیسلا کار بنانے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی انسان نما (ہیومونائڈ) روبوٹ پر کام شروع کردیا ہے۔ اس روبوٹ کو ٹیسلا نے آپٹیمس کا نام دیا ہے۔

ٹیسلا کے مطابق اسمارٹ روبوٹ ’خطرناک، بار بار انجام دیئے جانے والے اکتاہٹ بھرے‘ کاموں کو انجام دے سکے گا۔ آپٹیمس کی اونچائی 173 سینٹی میٹر اور وزن 57 کلوگرام کےقریب ہوگا۔ اسے حرکت دینے کے لیے کل 40 ایکچوایٹرز نصب کئے جائیں گے۔ تمام ایکچوایٹرز برقی مقناطیسی انداز میں کام کرتے ہوئے روبوٹ کے مختلف حصوں کو حرکت دیں گے۔ آپٹیمس کا چہرہ نقش سے عاری ہے اور کپڑوں کی دکان پر رکھے مجسمےکی طرح دکھائی دیتا ہے۔ بعض اطلاعات کےمطابق یہ حتمی ڈیزائن نہیں کیونکہ چہرے پر ڈسپلے ظاہر کیا جائے گا۔

ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ اگلے سال روبوٹ کا پہلا نمونہ سامنے آجائے گا اور وہ 20 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے اپنی کمپنی میں یومِ مصنوعی ذہانت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روبوٹ میں ٹیسلا گاڑیوں کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے گا کیونکہ اس ٹیکنالوجی کی آزمائش پہلے ہی کی جاچکی ہے۔

’ٹیسلا غالباً دنیا کی سب سے بڑی روبوٹ کمپنی ہے کیونکہ ہماری گاڑیاں بھی کسی روبوٹ سے کم نہیں بس فرق یہ ہے کہ ان کے نیچے پہیے لگے ہیں،‘ ایلون نے کہا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اے آئی روبوٹ کی ٹیکنالوجی تیار ہے اور ہماری کمپنی بہترین سینسر اور ایکچوایٹرز ہیں جس کی بدولت انسان نما روبوٹ بنانا آسان ہوجاتا ہے۔

ایلون مسک نے اپنے انسانی روبوٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے چلنے کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رکھی گئی ہے اور اسے کمزور بنایا گیا تاکہ انسان اس پر وقت پڑنے پر قابو پاسکیں۔ کیونکہ اس سے قبل ایلون مسک کئی بار کہہ چکے ہیں کہ بے قابو مصنوعی ذہانت انسانیت کے لیے بہت بڑا خطرہ بھی بن سکتی ہے۔

ٹیسلا کے سربراہ نے یہ بھی کہا ہے کہ روبوٹ ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ تاہم اس روبوٹ کےلباس میں ایک انسان کو داخل کرکے دکھایا گیا ہے کہ آپٹیمس دیکھنے میں کیسا لگے گا۔ اس دوران ایلون مسک نے یہ اعلان بھی کیا ہے ان کی کمپنی اے آئی مائیکروچپ بناچکی ہے جسے ڈی ون کا نام دیا گیا ہے۔ یہ چپ ڈوجو نامی کمپیوٹرمیں نصب کی جائے گی۔ سپرکمپیوٹر سے ٹیسلا کاروں کے سینسر اور کیمروں سے حاصل شدہ ڈیٹا پروسیس کیا جائے گا۔ اس کی بدولت نیورل نیٹ ورکس کو ترقی دی جائے گی تاکہ ازخود چلنے والی کار ٹیکنالوجی کو زیادہ محفوظ اور مؤثر بنایا جاسکے۔

وزیراعظم کا چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ بورڈ کی حیثیت سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت ملازمت میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین احسان مانی وزیراعظم کی توقعات کے مطابق ڈیلیور نہیں کر سکے اور وزیراعظم سجھتے ہیں کہ ان کا ویژن تجربہ کار کھلاڑی ہی پایہ تکمیل تک پہنچا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کسی کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہش مند ہیں اور وزیراعظم کے پرانے ساتھی رمیز راجہ پی سی بی کی چیئرمین شپ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے حوالے سے ایک دو روز میں فیصلہ کریں گے۔

موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت 24 اگست کو ختم ہو رہی ہے جبکہ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور 92 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں عمران خان کے ساتھ شامل رمیز راجہ ماڈرن کرکٹ سے بھی بخوبی آگاہ ہیں اور بحیثیت کمنٹیٹر وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔