پاکستان کے لیے 23 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، رقم سے شکار پور ۔ راجن پور سیکشن کو منصوبے کے تحت 2 لین سے 4 لین کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے جانے والے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ قرض 222 کلو میٹر قومی شاہراہ این 55 شکار پور ۔ راجن پور کی اپ گریڈیشن کے لیے ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ شکار پور ۔ راجن پور سیکشن کو منصوبے کے تحت 2 لین سے 4 لین کیا جائے گا، این 55 کی اپ گریڈیشن سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن کوریڈور کے تحت ہوگی۔

خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اس سے قبل پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے چکا ہے، اس قرض سے پاکستان کرونا ویکسین کا حصول ممکن بنائے گا۔

قرض کی اس رقم کو صحت سے متعلق سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

افغانستان سے سیریز کے لیے پاکستان ون ڈے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی کر دیا گیا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان افغانستان ون ڈے سیریز کے لیے ملک کا ون ڈے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے اسکواڈ کا کیمپ کل سے 28 اگست تک کے لیے لاہور میں شروع ہونا تھا۔

پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان بورڈ کی جانب سے شیڈول اور ٹریول پلان کا انتظار ہے جس کے بعد کیمپ کا آغاز کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پی سی بی کی جانب سے تمام معاملات افغانستان بورڈ کے اعلان کے ساتھ مشروط ہیں’۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ افغانستان بورڈ کے اعلان سے قبل کیمپ اور ٹریول پلان بنا کر اضافی اخراجات نہیں کرنا چاہتے۔

دوسری جانب ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑیوں کا اعلان بھی التوا کا شکار ہوگیا ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے سیریز کے شیڈول اور ٹریول پلان تک ٹیم کا اعلان اور کیمپ موخر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول کرکٹ سیریز کے بارے میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

کوئی بھی عہدیدار سیریز کی ضمانت دینے سے قاصر ہے جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز یکم ستمبر سے شیڈول ہیں۔

افغان ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی لیکن اب اس حوالے سے بھی شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

افغانستان میں 1996 سے 2001 تک حکمرانی کرنے والے طالبان نے اس وقت کھیلوں کے مقابلوں کی زیادہ حوصلہ افزائی نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شیڈول سیریز ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مقابلوں کے باعث سری لنکا منتقل کردی گئی۔

متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں آئی پی ایل کا انعقاد ہوگا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ ‘ہم انہیں بتا چکے ہیں کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، تمام تیاریاں جاری ہیں’۔

افغان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ میں کہا گیا کہ قومی اسکواڈ 7 اگست کو اعلیٰ عہدیداروں سے ملا تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی پر بہترین انعامات دیے جائیں گے۔

ویکسین نہ لگوانے پر سم بند، آخری تاریخ کا اعلان

پشاور میں کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کی سم بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمشنر پشاور ریاض محسود کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور ‏ویکسینیشن عمل کو تیز کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور تجاویز پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کی سم بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنرپشاور ‏نے کہا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانےوالوں کی موبائل سم بند کی جائیں گی،31 اگست تک ہر کوئی ‏ویکسین لگوائے بصورت دیگر مقررہ تاریخ کے بعد ویکسین نہ لگانے والوں کی سم بند کرنا شروع ‏کریں گے۔

کمشنر پشاور نے کہا کہ 31اگست کے بعدویکسی نیشن نہ کرانےوالوں کی سم بند کردی جائیں ‏گی، کورونا ویکسی نیشن کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہےہیں ہفتہ سے گھرگھرموبائل ویکسی ‏نیشن سروس شروع کر رہےہیں عوام سے اپیل ہے وہ کورونا ویکسی نیشن کروائیں۔

دوسری جانب لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر نے کہا کہ وزیراعظم کی اسمارٹ لاک ڈاؤن ‏پالیسی کامیاب رہی جس کودنیانےسراہا، کورونا پھیلاؤ والےعلاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ‏رکھیں گے۔ ‏

انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو بڑی حدتک روکنےمیں کامیاب ہوگئےہیں اب ملک میں ‏مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔

فالورز بڑھانے کیلئے ڈرامہ ، گریٹر اقبال پارک واقعہ سازش کے تحت ہاٹ ایشو بنانے کا انکشاف

پاکستانی معاشرے میں خواتین کو جو عزت اور مقام حاصل ہے وہ کہیں اور نہیں، بد تمیزی اور ہراسگی کے زمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

بیہودہ ویڈہوز اور گندے  کپڑے پہن کر دوستوں کے ساتھ ہلا گلا کرنے پر ایسے واقعات جنم لیں گے جنہیں روکنا ریاست اور معاشرے کی زمہ داری ہے۔

یوم آزادی پر واقعہ، 15 اور 16 کو رنگین پوسٹیں وائرل، 17 اگست کو ایک اینکر نے بتانے  پر ٹک ٹاکر کو ظلم کا پتہ چلا ، سوالیہ نشان

14 اگست سے ایک دن پہلے باقاعدہ فیس بک پر مینار پاکستان آکر چاہنے والوں کو ہلا گلا کرنے کی دعوت دی گئی۔

سندھ میں اسکول مزید ایک ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں اسکولوں کو مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں اسکولوں کو مزید ایک ہفتے نہیں کھولا جائے گا،اس ایک ہفتے میں اساتذہ، اسٹاف اور والدین ویکسی نیشن کرائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکول ٹیچرز اور بچوں کے والدین کو بھی اپنا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے شکوہ کیا کہ  سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے پانی کی کٹوتی کی تلافی کی جائے۔

واضح رہے کہ پہلے سندھ حکومت نے اسکولوں کو پیر 23 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا  تاہم اب وزیراعلیٰ سندھ کے نئے اعلان کے بعد اسکول 30 اگست سے کھولے جائیں گے۔

لاہور واقعہ: خاتون کے جسم پر خراشوں اور نیل کے نشانات پائے گئے، میڈیکل مکمل

لاہور: گریٹر اقبال پارک میں ہراساں کی جانے والی خاتون عائشہ اکرم کا میڈیکل مکمل کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کا میڈیکل نواز شریف اسپتال یکی گیٹ میں کیا گیا جس میں خاتون کے جسم پر سوزش اور خراشوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کے کان، پاؤں، کمر، بازو، گردن اور دائیں ہاتھ پر 13 واضح نشانات پائے گئے ہیں جب کہ جسم کے کئی مقامات پر نیل بھی پائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ خاتون کی گردن پر نوچے جانے کے نشانات ہیں۔

20 افراد سی آئی اے کے حوالے

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے میں زیر حراست 20 افراد کو تفتیش کے لیے سی آئی اے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جب کہ پولیس کو ان افراد کی شناخت کے لیے نادرا رپورٹ کا انتظار ہے۔

پولیس کے مطابق تمام افراد کو مینار پاکستان سے ملحقہ علاقوں سے حراست میں لیا گیا، تمام افراد کی تصاویر اور حاصل کردہ فوٹیجز سے بنائی گئیں جن کو شناخت کے لیے نادرا بھجوایا گیا ہے جس کی رپورٹ آج موصول ہونے  امکان ہے۔

پولیس کا بتانا ہےکہ رپورٹ کے بعد ملزمان کو متاثرہ لڑکی سے شناخت بھی کرایا جائے گا۔

واقعہ کب پیش آیا؟

خیال رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں سیکڑوں افراد نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔

’بچنے کی امید چھوڑدی تھی‘

14 اگست کو مینارِ پاکستان پر ہجوم کے ہاتھوں بدتمیزی اور بدسلوکی کا شکار ہونے والی عائشہ بیگ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکڑوں افراد نے ان کے بال نوچے، بے لباس کیا، ہوا میں اچھالا گیا، پانی میں گرایا گیا۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ دو بار تو سانس تک بند ہوگئی تھی اور انہوں نے بچنے کی امید چھوڑ دی تھی۔

خاتون ٹک ٹاکر نے بتایا کہ ہجوم دو ڈھائی گھنٹے تک ہراساں کرتا رہا، پولیس کو 2 سے 3 بار کال کی، تیسری بار کہا پلیز ہیلپ ،لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔

کورونا مودی کی مقبولیت کو بھی لے ڈوبا

بھارت کے ہندو انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں ایک سال کے دوران بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کیے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عالمی وبا کورونا سے ٹھیک طرح سے نہ نمٹنے کی وجہ سے ایک سال کے دوران نریندر مودی کی مقبولیت 66 فیصد سے کم ہو کر 24 فیصد پر آ گئی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق جنوری 2021 میں کورونا وائرس کی پہلی لہر سے بہترین طریقے سے نمٹنے کی وجہ سے نریندر مودی کی مقبولیت 73 فیصد تک پہنچ گئی تھی لیکن دوسری لہر میں مودی کی مقبولیت میں 49 فیصد تک کمی واقعی ہوئی۔

سروے کے مطابق 27 فیصد افراد نے بڑے بڑے سیاسی جلسوں اور انتخابی ریلیوں کو کورونا کی دوسری لہر کی وجہ قرار دیا جبکہ 26 فیصد کا خیال تھا کہ دوسری لہر میں کورونا وائرس کی شدت کو نظر انداز کیا گیا۔

سروے میں شامل 71 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ہونے والی اموات حکومتی اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہیں جبکہ 44 فیصد نے صحت کے مسائل کا ذمہ دار  مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ٹھہرایا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 29 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی مودی حکومت کی ناکامی کی بڑی وجہ ہیں جبکہ 23 فیصد نے بے روزگاری کو حکومت کی ناکامی کی دوسری بڑی وجہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ بھارت اس وقت دنیا میں عالمی وبا کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں پر اب تک کورونا کے باعث 3 کروڑ 23 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 4 لاکھ 33 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

امریکی فوجی طیارے سے گرکر جاں بحق ہونیوالوں میں افغان فٹبالر بھی شامل

کابل میں امریکی فوجی طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والوں میں افغان نوجوان فٹبالر ذکی انوری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی ہے افغانستان کی نیشنل یوتھ فٹ بال ٹیم میں شامل نوجوان فٹبالر ذکی انوری کابل کے ہوائی اڈے سے نکلنے والے امریکی طیارے سے گر کر جان کی بازی ہارگئے۔

رواں ہفتے خوف اور مایوسی میں مبتلا افغان شہریوں کی کابل ائیرپورٹ پر امریکی طیارے پر لٹکنے کی کوشش میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

فٹبالر کی موت کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آسکیں تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ذکی انور کی مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب کابل ائیر پورٹ پر گزشتہ روز بھی ملک سے نکلنے والوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔

اتوار سے اب تک کابل ائیر پورٹ کے اندر اور اطرف 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

راشد منہاس کی شہادت کو 50 برس بیت گئے

قومی ہیرو راشد منہاس شہید کی بہادری اور عظیم قربانی کے پچاس سال مکمل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ ،جرات ،بہادری اور سنہرا باب رقم کرنے والے مادر وطن کے عظیم سپوت پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید نشان حیدر کا پچاسواں یوم شہادت ہے،پوری قوم پاکستان کے اِس بہادربیٹے اور فخر فضائیہ کو سلام ِعقیدت پیش کرتی ہے۔

راشد منہاس ،17 فروری 1951ء کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔۔دوران تعلیم ،راشد انتہائی محنتی اور ہوابازی میں دلچسپی رکھتے تھے ۔۔راشد نے امتیازی حیثیت سے اے لیول کا امتحان پاس کیا اور 1971ءمیں پاک فضائیہ میں بحیثیت جی ڈی پائلٹ کمیشن حاصل کیا جبکہ ابتدائی تربیت کے بعد بحیثیت پائلٹ آفیسر لڑاکا تربیت اور کنورژن کیلئے مسرور ایئر بیس بھیجا گیا۔

20 اگست 1971 کوان کی تربیتی پرواز میں فلائٹ لیفٹنینٹ مطیع الرحمان بھی ان کے ساتھ سوار ہوئے۔مطیع نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے نوجوان پائلٹ پرضرب لگائی اور طیارے کا رخ ہندوستان کی جانب موڑ لیا۔

راشد منہاس نے وطن پر جان قربان کرتے ہوئےدشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا اور اس دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

پاکستان  نے جرات اور بہادری  پر راشد منہاس کو سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا جبکہ راشد منہاس نشانِ حیدر پانے والے سب سے کم عمرشہید ہیں۔

اٹک میں قائم کامرہ ایئر بیس کو راشد منہاس شہید کے نام سے منسوب کیا گیا، قوم کوعظیم سپوت کی قربانی اور کارنامے پر ہمیشہ فخر رہے گا۔

راشد منہاس کراچی کے فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔