یاسر شاہ پر الزامات، پی سی بی کا مؤقف سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا قومی کرکٹر یاسر شاہ پر 14 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے اور زیادتی میں معاونت کا الزام پر مؤقف سامنے آگیا۔
قومی ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے خلاف 14سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے اور زیادتی میں معاونت کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ ہمارے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ایک کھلاڑی پر چند الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بورڈ کا کہنا تھاکہ پی سی بی فی الحال اس حوالے سے معلومات اکٹھی کررہا ہے اور جب تک اس سلسلے میں مکمل حقائق سامنے نہیں آجاتے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

عمران خان عوام کی جان چھوڑدیں اور تھوڑی سی جو عزت ہے وہ بچا کے چلے جائیں: مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ عمران خان عوام کی جان چھوڑدیں اور تھوڑی سی جوعزت ہے وہ بچاکے چلےجائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہی نیب جو روزانہ سماعت کی درخواست دے رہا تھا اب التوا مانگ رہا ہے، نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، نیب کے پاس جھوٹ تھا، اس لیے التوا مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے اب تو کوئی پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا نہیں رہے گا، میرا مشورہ ہے پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والے ہیلمٹ پہن کے جائیں کیونکہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے، یہ پہلی سٹنگ حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے، لاہور میں یہ سامنا کرنے کے قابل نہیں تھے، کوئی تھوڑی سی بھی عزت والا ہو تو خداحافظ کہہ کر چلاجائے، عمران خان عوام کی جان چھوڑدیں اور تھوڑی سی جوعزت ہے وہ بچاکے چلےجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور لوگوں کی زندگیاں عذاب کردی ہیں، کے پی کے اپنے گھر میں اتنی شرم ناک بد ترین شکست ہوئی، عمران خان کو چاہیے ابھی بھی موقع ہے عوام کی جان چھوڑ دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں اور انتہائی سینئر ہیں، جب وقت آئے گا تو جماعت فیصلہ کرے گی، سب پارٹی رہنماؤں نے فیصلے کا اختیار نوازشریف کو دیا ہوا ہے، وقت آئے گا تو پارٹی کی مشاورت سے نوازشریف فیصلہ کریں گے ، ہم سب شہبازشریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کی سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف وطن آنے کو بے چین ہیں،ان کا ملک ان کی مٹی ہے، جلد واپس آئیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں، مولانا کی فتح ہماری فتح ہے۔

پاکستان کا بابرکروز میزائل 1بی کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد: پاکستان نے مقامی طورپرتیارکردہ بابرکروزمیزائل1 بی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے مقامی طورپرتیارکردہ بابرکروز میزائل 1 بی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

بابرکروز میزائل بی 1 کے کامیاب تجربے پرصدر،وزیراعظم، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اورسروسز چیف نے سائنسدانوں اورانجینئرز کومبارکباد دی۔

بابرکروزمیزائل بی 1 کے تجربے کے موقع پر ڈائریکٹرجنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج  اورچئیرمین نیسکام ڈاکٹررضا ثمر بھی موجود تھے۔

ڈائرکٹرجنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن جنرل ندیم ذکی منج کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ پاکستان کی اسٹریٹیجک ڈیٹرنس کومزید مضبوط کرے گا۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کروز میزائل ٹیکنالوجی کے شعبے میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرمبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل لانچنگ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈلیفٹیننٹ جنرل محمد علی،اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران، اسٹریٹجک فورسز، سائنسدانوں اور انجینئرزنے بھی کیا۔

پاکستان سے افریقہ جانے والی کیبل میں خرابی، انٹرنیٹ سروس شدید متاثر

پاکستان سے افریقہ جانے والی کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس شدید متاثر رہی، صارفین کم رفتار کی شکایت کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ایم وی 4 کیبل کٹنے سے پاکستان میں انٹرنیٹ سپیڈ میں ایک ٹیرا بائٹ کی کمی واقع ہوئی، پاکستان میں رش کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس مزید متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ٹیلی کام ذرائع کے مطابق سی ایم وی 4 انٹرنیٹ کیبل کی مرمت میں وقت لگے گا، انٹرنیٹ ٹریفک دیگر چینلز پر منتقل کی جارہی ہے۔

روس نے جوابی اقدام کے طور پر جرمنی کے 2 سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا

روس نے جرمن عدالت کے فیصلے پر برلن کے ساتھ اختلاف کے جواب میں دو جرمن سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا۔

جرمن عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ماسکو نے 2019 میں برلن کے ایک پارک میں چیچنیا کے سابق کمانڈر کے قتل کا حکم دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جرمن سفیر کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ روس میں جرمن سفارت خانے کے دو سفارتی ملازمین کو جوابی اقدام کے طور پر ’ناپسندیدہ‘ قرار دیا گیا ہے‘۔

تاہم وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ سفارت کار کب روس چھوڑیں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے جرمن سفیر کے ساتھ روسی سفارت کاروں کو برلن سے نکالنے پر ’شدید احتجاج‘ ریکارڈ کروایا تھا۔

برلن کے ججوں نے گزشتہ ہفتے روسی شہری ودم کراسیکوف عرف ودم سکولوف کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، انہیں سال 2019 میں برلن پارک میں 40 سالہ جیارجین شہری ٹرنائیک کاوتراشویلی کو قتل کرنے کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔

ایک جج کا کہنا تھا کہ قتل کا مقصد جیارجین شہری سے کریملن کے مخالف ہونے کا ’انتقام‘ لینا تھا۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو ’بے بنیاد اور حقیقت کے منافی الزامات کی تردید کرتا ہے‘۔

ماسکو کی جانب سے کیے گئے اعلان پر برلن نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کے فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ’مزید کشیدہ‘ ہوں گے۔

علی ظفر کیخلاف مہم چلانے کا کیس: میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست

گلوکارہ میشا شفیع نے اداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں ایک بار پھر حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں میشا شفیع نے پہلے بھی حاضری معافی کی درخواست دی تھی، جسے عدالت نے منظور کیا تھا۔

اب دوبارہ بھی انہوں نے عدالتی ہدایات کے مطابق حاضری معافی کی درخواست دے دی، جس پر عدالت نے ان کے وکلا سمیت علی ظفر کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے۔

سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس کی سماعت 18 دسمبر کو لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی، جس دوران میشا شفیع کے وکلا نے موکل کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔

گلوکارہ کے وکلا کی درخواست پر عدالت نے انہیں دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی، جس پر میشا شفیع کی جانب سے نئی درخواست دائر کی گئی۔

دوران سماعت میشا شفیع کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل بیرون ملک رہتا ہے، اس لیے وہ ہر سماعت پر پیش نہیں ہو سکتے، اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

دوران سماعت میشا شفیع کے وکلا نے عدالت سے مذکورہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر کرنے کی اپیل بھی کی۔

امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان کا افغانستان کے اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن:  امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے صدرجوبائیڈن سے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدرجوبائیڈن اورامریکی محکمہ خزانہ کولکھے گئے خط میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے ارکان نے افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

خط میں ارکان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پرامریکی اتحادیوں اورانسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی حکومت افغانستان کے لئے ایسے معاشی اقدامات سے گریز کرے جس کا نقصان افغان بچوں اورعورتوں سمیت افغان عوام کواٹھانا پڑے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ افغانستان کی تباہ حال معاشی حالت سے انسانی المیہ پیدا ہونے اور خطے میں مہاجرین کے نئے بحران کا خدشہ ہے۔ امریکا فوری طورپرافغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے۔

افغانستان کے اثاثوں پرپابندی سے 2022 میں 20 سال کے دوران ہونے والی اموات سے زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

خیبرپختون خوا کے عوام نے پی ٹی آئی کومستردکردیا،شہبازشریف

لاہور:  (ن) لیگ کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے عوام نے پی ٹی آئی کومسترد کردیا۔

شہباز شریف نے ٹوئٹ میں کہا کہ حکمران جماعت کی شکست کمر توڑ مہنگائی، اشیا کی قیمتوں میں اضافے اورکمزور گورننس کیخلاف عوام کے غصے کا اظہارہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ یہ اس تجربے کے خاتمے کی شروعات ہے جو قوم کو مہنگا پڑا ۔

کرکٹر عابد علی کو دوران میچ سینے میں تکلیف، اسپتال منتقل

ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو دوران میچ سینے میں تکلیف ہوگئی۔

کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی میں خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جا رہا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے سینے میں تکلیف ہوئی جس کےباعث انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد علی کے اسپتال میں مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کےبعد ہی ڈاکٹرز ان کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے۔

عابد علی قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔

مشیر خزانہ شوکت ترین سینیٹ کے رکن منتخب ہوگئے

پشاور : مشیر خزانہ شوکت ترین خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ کے رکن منتخب ہوگئے۔

الیکشن کے لیے پولنگ صوبائی اسمبلی کے پرانے ہال میں ہوئی جو سہ پہر 4 بجے تک جاری رہی۔

مشیر خزانہ شوکت ترین 87 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

کے پی کے وزیر صحت تیمور جھگڑا کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست کے لیے پولنگ میں 4 ووٹ مسترد ہوئے اور پانچ ارکان کسی وجہ سے ووٹ ڈالنے نہیں آسکے۔

تحریک انصاف نے ایوب آفریدی کو سینیٹ کی نشست سے مستعفی کرا کر شوکت ترین کو ٹکٹ دیا تھا جب کہ مشیر خزانہ کے سامنے اے این پی کے شوکت امیر زادہ، پی پی کے محمد سعید اور جے یو آئی ف کےظاہر شاہ مدمقابل تھے۔