اسرائیل نے امریکا پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

اسرائیلی وزیراعظم کے آفس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے وزراء نے اس اقدام کی منظوری دے دی ہے، جو کل سے نافذ العمل ہو گا۔ نئے قوانین کے تحت اسرائیل کے اپنے شہریوں کو بھی خصوصی اجازت کے بغیر امریکہ کا سفر کرنے پر پابندی عائد ہو گی۔ دو ہفتے قبل ڈبلیو ایچ او نے دنیا کو تمام ممالک کو خبردار کیا تھا کہ وہ اومی کرون سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اومی کرون کا پھیلاؤ اتنا وسیع ہے کہ اسے موجودہ صورتحال میں مکمل رپورٹ نہیں کیا جا رہا۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق بڑے پیمانے پر اومی کرون پر ریسرچ کی جا رہی ہے لیکن اب تک ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ جن ممالک میں یہ وائرس پھیلا ہے اس میں کوئی تبدیلی آئی ہو۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 7 کیلیے شاہین آفریدی کو کپتان مقرر کردیا

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 7 کیلیے شاہین آفریدی کو کپتان مقرر کردیا۔

سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ  نوجوان ٹیلنٹ کو گروم کرنے کا عزم لیے میدان میں آئے تھے، شاہین آفریدی کو قیادت سونپ کر اس سمت میں بڑا قدم اٹھانے جارہے ہیں۔

شاہین شاہ نے کہا کہ لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم ایک فیملی کی طرح ہیں، لاہور قلندرز کیلیے ہمیشہ سو فیصد دینے کی کوشش کی، بطور کپتان بھی یہی کروں گا، سب کو ساتھ لیکر چلوں گا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ کسی کرکٹر کو اتنی جلدی گروم ہوتا نہیں دیکھا، اچھی سوچ اور اچھے انسان ہیں، ایسے لوگ ہی لیجنڈ بنتے ہیں،میرے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے۔

جنگ سے نہیں ڈرتے لیکن امریکا مذاکرات پر آمادہ ہوا تو خیرمقدم کریں گے، چین

بیجنگ:  چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ سے ڈرتے نہیں تاہم وہ مذاکرات پر آمادہ ہوں تو ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے تعلقات کی بحالی میں رکاوٹ کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے اسٹریٹیجک غلط فہمیاں مسائل پیدا کر رہی ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ایی نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ تصادم سے نہیں ڈرتے، اگر ایسا ہوا تو بھرپور طریقے سے جنگ کریں گے البتہ امریکا باہمی طور پر فائدہ مند مذاکرات کرتا ہے تو خطے میں پائیدار امن کے لیے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کی فضا میں کافی عرصے بعد ایک ایسا بیان سامنے آیا ہے جس میں مذاکرات کی بات کی گئی ہو تاہم وزیر خارجہ وانگ ایی نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کہ امریکا نے کسی بھی سطح پر مذاکرات کی پیشکش کی ہے یا چین اس میں پہل کرے گا۔

خیال رہے کہ چین کے وزیر خارجہ کا یہ اہم بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور چینی صدر نے حال ہی میں پہلی بار ویڈیو لنک پر بات چیت کی تاہم یہ تاریخی ورچوئل ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔

قبل ازیں امریکا نے سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزام پر چینی اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کی تھیں جس کے جواب میں چین نے بھی امریکا پر جوابی پابندیاں عائد کیں اور تاحال تناؤ برقرار ہے۔

پشاور: پولیس اور سی ٹی ڈی کے آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک

پشاور: پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے فقیر آباد میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کیا جس دوران علاقے میں چھپے دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ  تینوں دہشتگرد فقیر آباد میں رنگ روڈ قبرستان میں واردات کے لیے موجود تھے،  ہلاک دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے جب کہ تینوں دہشتگردسکھ قتل کیس اورپولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوف، پستول، کارتوس  اور مختلف دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا اصل بیان حلفی پیش

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا اصل بیان حلفی پیش کر دیا گیا ،عدالت نے حلف نامہ آئندہ سماعت تک سربمہر رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی معاون فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا جبکہ رانا شمیم کے وکیل نے کہا کہ اصل بیان حلفی عدالت کو موصول ہوچکا ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ ہمیں جو پیکٹ موصول ہوا وہ آپ کے حوالے کرتے ہیں آپ خود کھولیں، لندن سے آیا کورئیر سر بمہر رکھا ہوا ہے، عدالت کو تنقید سے کوئی گھبراہٹ نہیں ہے، تین سال بعد دیئے جانے والے بیان حلفی سے عدالت پر سنگین الزامات عائد کیےگئے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ پھر ایک نئی انکوائری شروع ہو جائے گی، اصل بیان حلفی ہم نے سیل کرکے رکھا تھا، اخبار میں چھاپنے کے لیے نہیں تھا، میں اسی پر قائم ہوں کہ میرا بیان حلفی سر بمہر تھا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ایک تاریخ رکھ لیتے ہیں، آپ مطمئن کریں عدالت پر سنگین الزامات ہیں یا نہیں؟ اگر آپ نے عدالت کو مطمئن کیا کہ یہ توہین عدالت نہیں تو کیس ختم کردیں گے، عدالت صحافی سے اس کے ذرائع نہیں پوچھ سکتی،آپ کے کلائنٹ نے یہ تاثر دیا کہ ہائی کورٹ کمپرومائزڈ ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کیا اس کورٹ کے کسی جج پر کوئی انگلی اٹھائی جا سکتی ہے؟

وکیل لطیف آفریدی نے جواب دیا کہ انہوں نے کب اس کورٹ پر کوئی انگلی اٹھائی ہے؟ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ رانا شمیم نے یہ بھی تاثر دیا کہ استحقاقی دستاویز نوٹری پبلک سے لیک ہوا ہو گا، اگر ایسا ہے تو کیا برطانیہ میں ان کے خلاف کوئی کارروائی شروع کی گئی؟ اظہار رائے کی آزادی کی بہت اہمیت ہے، جہاں بنیادی حقوق متاثر ہوں وہاں اظہار رائے کی آزادی پر استثنا ختم ہوتا ہے، ایک بیانیہ بنا دیا گیا کہ عدالت کسی کی ہدایت پر کام کرتی ہے،عدالت نے اس نکتہ پر کہ آیا رانا شمیم،صحافی ،اخبار کے مالک اور ایڈیٹر پر فردجرم عائد ہو یا نہیں؟ دلائل طلب کرلیے۔

افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ افغانستان کے معاملے پر او آئی سی وزارئے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بہت بڑی پیشرفت ہے اور ہم افغانستان کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے متعلق بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت اور کامیابی عطا فرمائی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، 20 وزرائے خارجہ اور 10 نائب وزرائے خارجہ کی اجلاس میں شرکت پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے، 437 وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے ہیں، افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے، یہ بہت بڑی پیش رفت ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے مل کر کردار ادا کیا ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مسئلہ طالبان کا نہیں بلکہ 38 ملین افغان عوام کا ہے، افغان عوام بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں، افغانستان کو ادویات اورخوراک کی فوری ضرورت ہے، تنخواہ دینے کے پیسے ہوں گے تو اسکول بھی چلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے نکتہ نظرسے امریکا کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

فلپائن: طاقتور طوفان ’رائے‘ سے ہلاکتیں 208 ہوگئیں

فلپائن میں گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان ’رائے‘ سے ہونے والی ہلاکتیں 208 تک پہنچ چکی ہیں جس نے ملک کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں تباہی مچادی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مقامی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اب بھی 52 افراد لاپتا ہیں جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہ طوفان فلپائن میں آنے والے سب سے زیادہ تباہ کن طوفانوں میں سے ایک تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ریلیف سرگرمیوں میں مدد اور متاثرہ علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے بتائی جانے والی ہلاکتوں کی تعداد فلپائن کی نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار کی نسبت بہت زیادہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی نے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 58 بتائی ہے، ایجنسی کے مطابق وہ اب بھی متاثرہ علاقوں سے آنے والی معلومات کی تصدیق کر رہی ہے۔

شبلی فراز نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی

اسلام آباد:  وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بہت سے کارکن ہمارے ناراض تھے اس لئے ہم بلدیاتی انتخابات میں ہار گئے۔

 وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا، ہمارے بہت سے کارکنان پارٹی قیادت سے ناراض تھے اس لئے ہم ہار گئے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام صورتحال کے باوجود بھی ہم  تحریک انصاف سیٹیں نکال رہی ہے، اور ابھی بہت سے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہے، ہماری ہار کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے، لیکن یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، تاہم پارٹی میں کہاں کمزوری ہوئی ہم اس کا جائزہ لیں گے، تنظیمی سطح پر کہاں کہاں کمزوریاں ہیں وہ بھی دیکھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے بلدیاتی انتخابات میں صرف چند نشستوں پر کامیابی حاصل کی، لیکن یہ پہلا مرحلہ تھا، ہمیں  آگے کے لئے بہت سی تیاری کرنی ہے۔

خود پر حملے کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کل مجھ پر بھی حملہ ہوا اللہ نے محفوظ رکھا، کل کے انتخابات کے دوران کچھ اور بھی افسوسناک واقعات ہوئے جو کہ نہیں ہونے چاہیے تھے۔ شوکت ترین کی سنیٹ میں کامیابی صوبے کے لئے بہتر ہے۔

کرسمس پرلاک ڈاؤن، برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی دھمکی

لندن:  برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کرسمس پرلاک ڈاؤن لگانے کی صورت میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی دے دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں اومیکرون کیسز کی تعداد میں اضافے کے باعث وزیراعظم بورس جانسن کرسمس پرمکمل لاک ڈاؤن لگانے پرغورکررہے ہیں۔ممکنہ لاک ڈاؤن کیخلاف کابینہ کے وزیر اورارکان پارلیمنٹ میدان میں آگئے۔

برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اگروزیراعظم بورس جانسن نے کرسمس پرلاک ڈاؤن لگایا توان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے ۔ بورس جانسن کے ایک وزیرنے لاک ڈاؤن کی صورت میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

برطانیہ میں اومیکرون کیسزکی تعداد50 فیصد اضافے کے ساتھ 37000تک پہنچ گئی ہے۔برطانیہ کے وزیرصحت ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ  کرسمس پرلاک ڈاؤن لگانے کے امکان کومسترد نہیں کیا جاسکتا۔

ایشوریا رائے بیرون ملک دولت چھپانے کے الزام میں پوچھ گچھ کیلئے طلب

سابقہ مس ورلڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو پانامہ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریا رائے بچن کو پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ آج ہی ای ڈی کے دہلی کے دفتر آکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں تاہم اداکارہ نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

اس سے قبل اداکارہ کو  9 نومبر 2021 کو بھی نوٹس بھیجا گیا تھا جس کے مطابق انہیں 15 دن میں ہی جواب جمع کروانا تھا جب کہ ایشوریا نے جواب جمع کروانے کے لیے دو بار اضافی وقت مانگا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشوریا رائے پر منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 (پی ایم ایل اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاناما پیپرز کیس میں ایشوریا رائے سمیت اداکار امیتابھ بچن اور اجے دیوگن کا نام بھی منظرِ عام پر آیا تھا۔