پاکستان کی 5ماہ میں 33ارب ڈالر کی درآمدات، 120ارب سے زائد تجارتی خسارہ ریکارڈ

لاہور( این این آئی)پاکستان نے رواں مالی سال کے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 33 ارب ڈالر کی اشیا ءدرآمد کیں جبکہ 20 ارب 64 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کی پانچ ماہ کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق اس مدت میںساڑھے 81 کروڑ ڈالر کی کاریں درآمد کی گئیں جوکہ 150 فیصد تک اضافہ بنتا ہے جبکہ 112 فیصد اضافے سے 8 ارب 37 کروڑ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔4 ارب ڈالر یعنی 673 ارب روپے کی خوراک درآمد کی گئی جس میں دودھ، کریم، گندم، چائے، چینی، مصالحے، سویا اور پام آئل اور دیگر اشیا ءشامل ہیں، خوراک کی درآمد میں 33 فیصد اضافہ ہے۔رپورٹ کے مطابق 85 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کے فونز سمیت 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کی مشینری درآمد کی گئی جبکہ 58 فیصد اضافے سے 2 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل اشیا ءدرآمد کی گئیں۔کیڑے مار ادویات سمیت 6 ارب ڈالر کا زرعی سامان منگوایا گیا جبکہ 2 ارب 76 کروڑ ڈالر کا سونا، لوہا، اسٹیل اور ایلومینیم درآمد کیا گیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کا آئندہ سال پاکستان کے دورے کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ سال دسمبر  سے  دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

مہمان ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آئے گی جہاں وہ 10 وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کے بعد ان دوروں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے جب کہ دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستانی اداکار اور اسرا بلگیج جلد ایک پراجیکٹ میں ساتھ دکھائی دیں گے

پاکستانی اداکار ارسلان اسد بٹ ترک اداکارہ اسرا بلگیج کے ہمراہ جلد ہی ایک پراجیکٹ میں دکھائی دیں گے۔
اسلامی فتوحات پر مبنی معروف ترک سیریز ارطغرل غازی میں اسرا بلگیج نے حلیمہ سلطان کا کردار ادا کیا تھا جسے پاکستان میں مقبولیت حاصل ہوئی۔
تاہم اب اداکار ارسلان بٹ نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی اور کیپشن میں بتایا کہ دونوں ایک پراجیکٹ میں ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ تصویر سیٹ پر لی گئی تھی۔
ارسلان بٹ نے ترک اداکارہ کے حوالے سے کہا کہ مجھے ان کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا، یہ ایک شائستہ مزاج خاتون ہیں جن کی کمپنی میں سیٹ پر کافی محظوظ ہوا۔
انہوں نے اسرا کو مینشن کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ کے پاکستان آنے کا انتظار رہے گا، پاکستانی کھانے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔
ارسلان بٹ نے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ہی اس پراجیکٹ کی تفصیلات شیئر کریں گے۔
اداکار نے انسٹا اسٹوری پر بھی ایک تصویر شیئر کی جو غالباً پراجیکٹ کی عکسبندی کے دوران لی گئی تھی۔

امریکانے غلط اطلاعات پر ہزاروں عام شہریوں کو قتل کیا،خفیہ دستاویزات میں انکشاف

امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں ناقص انٹیلی جنس معلومات پر فضائی کارروائیوں میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کے قتل کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مشرقی وسطیٰ میں امریکا کی فضائی کارروائیاں ناقص انٹیلی جنس معلومات سے بھرپور رہیں۔
امریکی اخبارکی رپورٹ کے مطابق غلط اطلاعات کی بنیاد پرکارروائیوں میں بچوں سمیت ہزاروں عام شہری قتل کر دیےگئے لیکن کسی بھی مقام پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نظر نہیں آئی۔
دوسری جانب رپورٹ منظرعام پر آنےکے بعد ترجمان امریکی سینٹرل کمانڈ کیپٹن بل اربن نے اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بے قصور شہریوں کی ہلاکت پر شرمندہ ہیں اور غلطیوں سے سیکھنےکی کوشش کر رہےہیں۔

جنید صفدر نئی نویلی دلہن کیساتھ پولو گراؤنڈ پہنچ گئے

لاہورپولو کلب کے زیراہتمام لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2021 کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد سڈن ڈیتھ پر پانچویں چکر میں ٹیم باڑیز /بی این ٹو نے جیت لیا ،فائنل میں ٹیم ری ماؤنٹس کوشکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فائنل کی خاص بات  مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی اہلیہ کے ہمراہ آمد تھی، نوبیاہتا جوڑے نےمیچ بھی دیکھا اور دوستوں سے مبارکبادیں بھی وصول کیں۔

فائنل میں چوتھے چکر تک مقابلہ 5-5 گول سے برابر تھا، پانچویں چکر میں ٹیم باڑیز /بی این ٹو کی ٹیم نے گول کرکے چیمپئن شپ جیت لی۔

ٹیم باڑیز /بی این ٹو کی طرف سے ارینسٹو ٹروٹز نے 4، حمزہ معاذخان اور بابر نسیم نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ ہارنے والی ٹیم ری ماؤنٹس کی طرف سے عمران شاہد نے2، سوار نعیم، راجا تیمور اور نکلوس نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

لاہور اوپن پولوکا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجودتھی جبکہ مسلم لیگ ن کی رہنمامریم نواز کے صاحبزادے جنیدصفدر اور ان کی اہلیہ نے بھی میچ  دیکھااور شہریوں سے ملاقات کی۔

پہلا فیفا عرب کپ الجیریا نے جیت لیا

پہلا فیفا عرب کپ کا ٹائٹل الجیریا نے جیت لیا، فائنل میں تیونس کو 0-2 سے شکست دی، 16 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں میزبان قطر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
قطر کے البیت اسٹیڈیم میں 8 ہزار سے زائد شائقین کی موجودگی میں فیفا کی نگرانی میں عرب کپ کھیلا گیا جہاں الجیریا اور تیونس کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئیں ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، مقررہ وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ، اضافی وقت میں الجیریا کے نوجوان مڈ فیلڈرامیر سعیود نے گول کرکے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی ۔
میچ کے آخری منٹ میں یاسین براہیمی نے گول کرکے الجیریا کو عرب کپ کا پہلاٹائٹل جتوادیا، مصر کو ہراکر میزبان قطر نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے میچ میں خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کو فیفا کے تحت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 2 کے مقابلے میں 6گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ 13ویں منٹ میں ایک گول کی برتری بھی حاصل کر لی لیکن اگلے ہی منٹ میں پاکستان کی جانب سے ندیم احمد نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔
پھر دوسرےکوارٹر میں ٹیم پاکستان نےحریف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کیے ، پے در پے 3 گول بھی داغ دیے۔
تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم اٹیک کرتی رہی اور مزید دوگول کر دیے جبکہ ہوم ٹیم نے بھی ایک گول کیا تاہم مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ پاکستان نے 2-6 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے ندیم احمد اور اعجاز احمد نے دو، دو گول اسکور کیے ۔
واضح رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ منگل کو جنوبی کوریا سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جاپان کی ٹمیں مد مقابل ہوں گی۔

وزیر داخلہ کی شبلی فراز پر قاتلانہ حملے کی مذمت

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

فائرنگ واقعے میں زخمی ہونے والے شبلی فراز کے ڈرائیور اور گارڈ کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے، وزیر اعلیٰ نے پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے پتھراؤ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایت کی اور واقعے میں شبلی فراز کے زخمی ہونے والے ڈرائیور اور گارڈ کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی شبلی فراز پر درہ آدم خیل کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، تاہم شبلی فراز معجزاتی طور پر حملے میں محفوظ رہے۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، شبلی فراز کے گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے وابست شبلی فراز آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ میں الحمدُاللہ محفوظ ہوں۔

خیال رہے کہ درہ آدم خیل جہاں وفاقی وزیر پر حملہ ہوا، تحریک انصاف کا گڑھ ہوا کرتا تھا۔ حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

 

سعودی عرب کشمیر کاز کی حمایت کرتا ہے، وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم  عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی امداد کیلیے پاکستان سے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کو سہولت دیں گے۔ 

وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے افغانستان بارے او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کے سعودی عرب کے اقدام کو سراہا-

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو تہنیتی پیغام دیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی  مبارکباد کا پیغام دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امید ہے دنیا افغانستان کے ساتھ علیحدگی کی غلطی نہیں دہرائے گی، عالمی برادری افغانستان کے کمزور لوگوں کی مدد کرے ، افغان عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے پاکستان بھر پور تعاون کرے گا ، افغانستان میں انسانی امداد کے لیے پاکستان سے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کو سہولت دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے انسانی امداد کے طور پر افغانستان کو 5 ارب کی غذائی اجناس فراہم کی، پاکستان نے گندم ، ہنگامی طبی سامان، موسم سرما کی پناہ گاہیں اور دیگر سامان فراہم کیا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات تاریخی اور اہمیت کے حامل ہیں۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دی گیا جب کہ وزیراعظم نے اکتوبر 2021 میں اپنے سعودی عرب کا تزکرہ بھی کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس افغان عوام کی حمایت کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے میں معاون ثابت ہوگا جب کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا تھا کہ پاک سعودی عرب  قریبی برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے لئے قابل قدر ہیں ، سعودی عرب جموں وکشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا رکن ہے، سعودی عرب مستقل طور پر کشمیر کاز کی حمایت کرتا ہے۔

اس سے قبل او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا تھا کہ افغانستان کا معاملہ انسانی بنیادوں پر دیکھنا ہوگا۔

کے پی بلدیاتی انتخابات، کرک میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ  سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین شامل  ہیں جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔

 واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی  ہے۔

دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقوں ذخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس ٹوٹ گئے  اور الیکشن مواد کو بھی نقصان  پہنچا جبکہ بھگڈر، بے نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

لنڈی کوتل بازار کے ملک نادر شاہ کلے اسکول پر بھی پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے  اور بیلٹ باکس توڑ دیے، الیکشن مواد کو نقصان پہنچایا اور عملے کو یرغمال بنالیا۔

واضح رہے کہ اس سےقبل امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر بنوں کی تحصیل بکا خیل میں  بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔