الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری، علی زیدی کی رکنیت معطل کردی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فواد چوہدری اور علی زیدی کی رکنیت معطل کر دی، اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کئی سینیٹرز، ارکان قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں فہمیدہ مرزا، خالد مقبول صدیقی، مصدق ملک، کامران مائیکل، شمیم آفریدی، روحیل اصغر، مائزہ حمید، کامران بنگش اور اویس لغاری بھی شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کلیئر ہوگئی

 پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹ کلئیر ہوگئی۔

قومی اسکواڈ کے ارکان کی ٹیسٹنگ 16 جنوری کو کھلاڑیوں کے اپنے اپنے مقامات پر ہوئی تھی۔

پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جن ارکان کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ 16 جنوری کو مکمل کر لی گئی تھی ان کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔

‏ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان کل کراچی میں اکٹھے ہوں گے جہاں ان کی دوسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی جس کے بعد وہ بائیو سیکور ببل کا حصہ بن جائیں گے۔

‏پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی میں شروع ہو گا، ‏ مہمان ٹیم کووڈ 19 ٹیسٹنگ کلیئر آنے کے بعد گزشتہ روز ٹریننگ کا اغاز کر چکی ہے جب کہ ‏ پاکستان کرکٹ ٹیم 21 جنوری سے ٹریننگ شروع کرے گی۔

پاک فوج عالمی رینکنگ میں دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل

سلام آباد: عالمی سطح پر افواج کی صلاحیت اور کارکردگی کے اعتبار سے جاری ہونے والی درجہ بندی میں پاک فوج ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی طاقتور افواج کی 2021 کی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاک فوج دنیا کی طاقتور ٹاپ ٹین افواج میں شامل ہے۔افواج سے متعلق جاری ہونے والی گلوبل فائر پاور کی رینکنگ میں پاک فوج کا دسواں نمبر ہے۔  اس سے پہلے پاک فوج کی رینکنگ پندرہ تھی۔

رینکنگ کی بنیاد پچاس سے زائد فیکٹرز کو مد نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔  ان فیکٹرز میں ملٹری حجم سے لے کر ملک کی فنانشل پوزیشن، جغرافیائی حیثیت جیسے عوامل شامل ہیں۔فوجی لحاظ سے طاقتور ممالک میں امریکا پہلے، روس دوسرے، چین تیسرے نمبر پر ہے رینکنگ میں بھارت بدستور چوتھے، جاپان پانچویں نمبر پر رہے۔

دنیا کی پہلی پندرہ فوجی طاقتوں میں پاکستان کے علاوہ کسی کی رینکنگ میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ گزشتہ سالوں میں صرف پاکستان کی فوجی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

درجہ بندی میں مختلف شعبوں سے متعلق فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فوج کی افرادی قوت 6 لاکھ 54 ہزار ہے اور اس اعتبار سے پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ جب کہ ہر سال ملک میں فوج میں بھرتی کی عمر کو پہنچنے والے افراد کی تعداد 43 لاکھ 27 ہزار 620 بتائی گئی ہے اور اس میں پاکستان دنیا کے چوتھے نمبر پر ہے۔

رینکنگ کے لیے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاک فوج مالی وسائل میں دنیا کئی دیگر ممالک سے پیچھے ہونے کے باوجود صلاحیتوں اور کارکردگی میں دنیا کے ٹاپ ٹین ممالک  میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں صرف پاکستان کی فوجی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا. پاکستان نے ایران ، انڈونیشیا، اسرائیل اور کینیڈا کو پیچھے چھوڑ دیا۔رینکنگ میں ترکی، اٹلی، مصر، ایران، جرمنی ، انڈونیشیا، سعودی عرب، سپین، آسٹریلیا ، اسرائیل اور کینیڈا پاکستان سے پیچھے ہیں۔سال 2021 میں مصر، جرمنی، اسرائیل، شمالی کوریا، جنوبی افریقہ، میانمار، کولمبیا، رومانیا، میکسیکو، پیرو، ڈنمارک، عراق، شام، انگولا، بلغاریہ کی دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں تنزلی ہوئی ہے۔

روسی ڈیفنس سسٹم خریدنے پر امریکہ ناراض، واشنگٹن اور دہلی میں کشیدگی، بھارت پر پابندیوں کا امکان

روس سے ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری بھارت کے لیے مشکلات کا باعث بننے لگی، امریکہ نے بھارت کو روس سے ڈیفنس سسٹم کی خریداری کے بعد واضح کیا ہے کہ وہ کاٹسا ایکٹ کے تحت پابندیوں سے بچ نہیں سکتا اور اسے کوئی چھوٹ نہیں ملے گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بھارت کو بتایا ہے کہ اسے روسی ایس 400 فضائی دفاعی نظام کے منصوبے کے حصول سے چھوٹ ملنے کا امکان نہیں ہے ، اگر بھارت یہ نظام خریدتا ہے تو اس پر ترکی پر عائد پابندیوں جیسی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت کو کہا ہے کہ پانچ میزائل سسٹم کے لئے 5.5 بلین ڈالر کا معاہدہ چھوڑدیا جائے تاکہ بھارت کسی سفارتی بحران کا شکار نہ ہو۔ بھارت پر واضح کیا گیا ہے کہ نئی دہلی کے پاس 2017 کے امریکی قانون سے کوئی رعایت نہیں ہے، جس کے تحت اس معاہدے میں شامل ممالک کو روسی فوجی ہارڈ ویئر خریدنے سے روکا گیا تھا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے بائیڈن انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے باوجود امریکہ کی اس پوزیشن میں بدلاؤ آنے کا امکان نہیں ہے اور نئی انتظامیہ آنے کے بعد روس کے بارے میں مزید سختیوں کا امکان ہے۔دوسری جانب بھارت نے کہا ہے کہ اپنا دفاعی نظام مضبوط کرنے کے لیے اسے اختیار ہے کہ وہ دفاعی نظام خریدے۔ جس کے بعد امریکہ اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا امکان بڑھ گیا ہے ۔

فارن فنڈنگ کیس: مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں،الیکشن کمیشن کے باہر کل مظاہرہ ، پی ڈی ایم کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو شرکت کی ہدایت

فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے پی ڈی ایم کل منگل کو الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے احتجاج کرے گی ، اپوزیشن جماعتوں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں ،مسلم لیگ ن نے کہا کہ فیصلہ لے کر اٹھیں گے ۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج مولانافضل الرحمن کی صدارت میں انکی رہائش گاہ پر دن بارہ بجے شروع ہوگا ، اجلاس میں کل الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاج اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیاجائے گا۔اجلاس میں پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبرز شریک ہونگے ۔ اجلاس کے اختتام پر مولانا فضل الرحمن میڈیا کوبریفنگ دیں گے ۔احتجاج کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا جبکہ لانگ مارچ کی تاریخ اور حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی ۔اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف، احسن اقبال اور دیگر شرکت کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے تاہم پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کی قیادت میں کارکن احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں گے ۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ،جس میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کے کارکن شرکت کریں گے ،پی ڈی ایم کامقصداورمنزل ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اورصاف و شفاف اورمداخلت سے پاک انتخابات کا انعقاد ہے ،عوام پی ڈی ایم کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا پانے تک پی ڈی ایم چین سے نہیں بیٹھے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط دھاندلی کی پیداوار جعلی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ،غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے ، ملک کی تقدیر بدلنے کے دعویداروں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ۔ادھر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے مظاہرے میں شرکت کیلئے 26 نمبر چونگی موٹروے چوک سے ریلی کی قیادت کرینگے ، ریلی کیلئے کنٹینر خصوصی طور پر تیار کیا جارہا ہے جبکہ دیگر علاقوں سے جے یو آئی کے کارکن دن گیارہ بجے آبپار ہ جمع ہونگے جہاں سے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں جمعیت علمائاسلام، اسلام آباد کے ذمہ داران نے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ۔مفتی محمداویس عزیز کے مطابق راولپنڈی کے قافلے کی قیادت مولانا غفور حیدری کرینگے

ريٹائرمنٹ واپس لينے کو تیار ہوں، محمد عامر

فاسٹ بولر محمد عامر نے مصباح الحق اور وقار یونس کو عہدے سے ہٹائے جانے کی شرط پر ريٹائرمنٹ واپس لينے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

سماء کے پروگرام ’’اسپورٹس ایکشن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ اگر مصباح اور وقار جاتے ہيں تو ريٹائرمنٹ واپس لينے کو تيار ہوں کیونکہ دونوں کے ساتھ معاملات اب حل نہيں ہوسکتے۔

ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق محمد عامر نے کہا کہ بورڈ کے پاس خود جا کر کہوں گا کہ ميں دستياب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے کھلاڑی بورڈ کو دونوں کی شکايتيں کر چکے ہيں جبکہ کئی کھلاڑيوں نے مصباح اور وقار کے رويے کی شکايت کی۔ ہيڈ کوچ کچھ اور بالنگ کوچ کچھ اور کہتے ہيں، دونوں ايک پيج پر نہيں ہيں۔

 فاسٹ بولر نے کہا کہ مصباح اور وقار مجھے پسند نہيں کرتے اور نہ ہی رکھنا چاہتے ہیں اس لیے جو ميرے بارے ميں اچھا نہيں سوچتے، ان کے ساتھ کيسے کھيلوں؟

انہوں نے شکوہ کیا کہ انگلينڈ ميں جان بوجھ کر مجھ سے پرانی گيند کرائی گئی۔ مجھے سينٹرل کانٹریکٹ سے نکال ديا گيا لیکن کچھ نہيں کہا اور کارکردگی کی بات کرتے ہیں تو بنگلاديش پريميئر ليگ ميں ميری پرفارمنس سب کے سامنے تھی۔

محمد عامر نے کہا کہ مجھے ذہنی اذیت دی جاتی اور پھر بات بھی نہیں کرتے تھے۔ جان بوجھ کر کھلاڑی کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور ميرے ساتھ جان بوجھ کر ایسا کيا گيا يا پھر مینجمنٹ لاعلم ہے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وقار سے سوال شاہين آفريدی کا ہوتا ہے اور جواب وہ عامر کا ديتے ہيں۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل محمد عامر نے مصباح الحق اور وقار یونس پر ناروا سلوک کا الزام لگاتے ہوئے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ دے دی تھی

رواں ماہ سےپاکستان میں تیارکردہ وینٹی لیٹرزدستیاب ہوںگے،طارق جاوید

پاکستان انجیئرنگ کونسل کے مشیر برگیڈئیر(ر)طارق جاوید نے بتایا ہے کہ میڈاِن پاکستان ڈائلیسزوایکسرے مشینوں سمیت دیگر طبی آلات بہت جلد دنیا بھر میں فروخت کے لیے دستیاب ہونگے۔

نمائندہ سماء ظہیر علی خان کو انٹرویو میں پاکستان انجیئرنگ کونسل کےمشیر برگیڈئیر(ر)طارق جاوید نے بتایا ہے کہ پاکستان نے کرنسی نوٹوں کو کرونا وائرس سمیت دیگر جراثیم سے پاک کرنے کی مشین بنا لی ہے۔ برگیڈئیر(ر)طارق جاوید کا مزید کہنا تھا کہ پی ای سی نے آکسیجن کنسنٹریٹرزسمیت یووی ایئرپیوری فائرز بھی بنالیے ہیں۔

وینٹی لیٹرزسے متعلق انھوں نے بتایا کہ جنوری کے آخرتک میڈ ان پاکستان وینٹی لیٹرزملک میں دستیاب ہوںگے جبکہ فروری میں پاکستان وینٹی لیٹرز برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔طارق جاوید کا کہنا تھا کہ وینیٹی لیٹرز کی مقامی تیاری میں بھاری درآمدی ڈیوٹی لاگت بڑھا رہی ہے،تاہم اس وقت پارٹس پر ڈیوٹی زیادہ اوردرآمدی وینٹی لیٹر پر 5 فیصد ڈیوٹی  ہے۔

مشیر پی ای سی نے بتایا کہ میڈ ان پاکستان آلات کو مارکیٹ میں مساوی مواقع دیئے جائیں کیوں کہ امپوڑٹرز مافیا پی ای سی کوخطرہ سمجھتا ہے اور ممکنہ مسائل پیدا کرے گا۔

پاک فوج دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل

پاک فوج اسرائیل ، جرمنی اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دس طاقت ور ترین افواج میں شامل، گلوبل فائر پاور انڈیکس نے فہرست جاری کردی

لاہور (ویب ڈیسک) پاک فوج کو دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاک فوج کو طاقتور افواج کی فہرست میں دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ پاک فوج اسرائیل ، جرمنی اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دس طاقت ور ترین افواج میں شامل ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے جاری ہونے والے گلوبل فائر پاور انڈیکس 2021 کے مطابق ، پاکستانی فوج اسرائیل ، جرمنی اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دس طاقت ور ترین افواج میں شامل ہوئی ہے۔گلوبل فائر پاور انڈیکس ایک سالانہ درجہ بندی کا ادارہ ہے جو ایک ملک کو اپنی فوجی طاقت کے لحاظ سے ریٹنگ دیتا ہے۔پاور انڈیکس نے متعدد عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے 138 ممالک کی افواج کا درجہ حاصل کیا جس میں ہر ملک کے اسلحے ، افرادی قوت ، آبادی ، جغرافیہ اور اس کی ترقی کی حالت شامل ہے۔

حتمی گلوبل فائر پاور رینکنگ 50 سے زیادہ انفرادی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد دی جاتی ہے۔

ان عوامل کے تحت پاکستان کی پاور انڈیکس میں ریٹنگ 0.2083 ہے۔پاور انڈیکس کے مطابق پاکستان کے پاس ایک اندازے کے مطابق مجموعی طور پر 1،204،000 فوجی اہلکار ہیں ، جن کی طیارے کی تعداد 1364 ہے ، کل لڑاکا طیارے 357 ، 100 بحری اثاثے اور دفاعی بجٹ، 12،275،000،000 ڈالر ہے۔ امریکہ ، روس اور چین تین سب سے طاقتور افواج کے طور پر درجہ بند ہیں ، جبکہ ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد جاپان ، جنوبی کوریا اور فرانس کا نمبر ہے۔ جبکہ پاکستان کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان کو رینکنگ میں دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل اسرائیل اور آسٹریلیا بھی اس رینکنگ میں شامل تھے جبکہ 2021 کی رینکنگ میں پاکستانی فوج کو شامل کیا گیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ملالہ ایجوکیشن ایکٹ پر دستخط کر دیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام پر ’ ملالہ ایجوکیشن ایکٹ‘ پر دستخط کر دیے۔

امریکی ایوان نمائندگان نے یہ بل گزشتہ سال مارچ میں ہی منظور کرلیا تھا تاہم رواں ماہ کے اوائل میں اسے سینیٹ سے بھی منظوری مل گئی تھی۔

بعدازاں اسکالر شپ بل کو حتمی منظوری کیلئے صدر ٹرمپ کے پاس بھیجا گیا تھا جنہوں نے اب اس ایکٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔

وائٹ ہاؤس اعلامیے کے مطابق قانون کے تحت اعلیٰ تعلیم کے اسکالر شپ پروگرام میں 50 فیصد تعلیمی وظائف پاکستانی خواتین کو ملیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ اب تک نوبیل امن انعام، سخاروف اور ورلڈ چلڈرن پرائز سمیت 40 سے زیادہ بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔

ملالہ اب پاکستان کے علاوہ افریقا، شام اور دیگر خطوں کے تعلیم سے محروم بچوں کی بھی آواز بن گئی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور یہ برطانیہ سے ہی اپنی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے کی کوشش کرنے والے خود پھنس گئے ہیں، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے کی کوشش کرنے والے خود پھنس گئے ہیں اور اب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو خود بتانا پڑ گیا ہے انہیں فنڈز کہاں سے ملتے ہیں۔

اسلام آباد میں پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ‘اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے بارے میں سب کو علم ہے کہ وہ ایک چھتری تلے کیوں اکٹھے ہیں، وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی حکومتوں میں قوانین کو پامال کیا، پی ڈی ایم کا سفر دھمکیوں پر مبنی تھا مگر انہیں عوام سے پذیرائی نہیں ملی اور اب ایک تھی پی ڈی ایم کے موضوع پر ٹی وی پر پروگرام ہو رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پی ڈی ایم میں شامل اکثر جماعتوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے ہیں اور تمام میں انہیں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، اب جو یہ آخری پتہ کھیل رہے ہیں وہ یہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ کا گمان ہونے لگے’۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ایک بھونڈی کوشش ہے، مولانا فضل الرحمٰن نے نیب کا نوٹس ملنے پر کہا وہ پوری پارٹی کے ہمراہ وہاں احتجاج کریں گے، مولانا فضل الرحمٰن سمجھتے ہیں وہ جس ریاست کا حصہ نہیں وہ نامکمل ہے’۔

شبلی فراز نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی کو ملنے والے فنڈز کے 40 ہزار ناموں کی تفصیلات ہمارے پاس موجود ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے تمام جوابات الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیے ہیں، یہ ہمیں پھنساتے ہوئے خود پھنس گئے ہیں، اب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو خود بتانا پڑ گیا ہے انہیں فنڈز کہاں سے ملتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے اسکروٹنی کمیٹی کو جواب ہی نہیں دیے، کل اپوزیشن کی پیشی ہے انہیں چاہیے وہ الیکشن کمیشن کو جواب دیں اور اپوزیشن جتھوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے اپنا جواب اسکروٹنی کمیٹی کو جمع کرائے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ پہلے وہ پارٹیاں حکمران تھیں جنہوں نے ملک کو اپنی جاگیر بنا رکھا تھا، اب ایک ایسا لیڈر آیا ہے جو ان سے ملک کے لوٹے ہوئے اثاثوں کا حساب مانگ رہا ہے’۔