پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن، پولیس افسرتھانوںمیں بیٹھنے کے بجائے خود پٹرولنگ کریں، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے اورہم اپنے بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لا رہے ہیں۔انہوں نے صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی بھرپورمہم چلانے کی ہدایت کی اور کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور پر مہم کی مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دیں گے ، مہم کے دوران ٹیموں کومکمل تحفظ دیاجائیگااور ایس اوپیز کے تحت بچوں کو قطرے پلائے جائینگے ۔انہوں نے کہا والدین سے اپیل ہے کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں، متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے ،پولیو قومی چیلنج ہے جس پر ہر صورت قابو پانا ہے ، مہم کے دوران اعداد و شمار میں گڑبڑ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلٰی پنجاب نے تمام کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، آرپی اوز اور ڈی پی او ز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا انتظامیہ اور پولیس افسران مستعدی سے فرائض سرانجام دیں،پولیس افسران اپنے علاقوں میں گشت مزید بڑھائیں اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،ایس ایچ او ز تھانوں میں بیٹھنے کی بجائے ہمہ وقت خود پٹرولنگ کریں، پولیس گاڑیاں گشت کریں اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ،ان ہدایات پر فوری عمل کیا اور تصویری ثبوت کے ساتھ رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

احتساب نہیں رکے گا، پی ڈی ایم میں ہمت ہے تو راولپنڈی آکر دکھائیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے ، اگر ان میں ہمت ہے تو راولپنڈی کی طرف آکر دکھائیں۔ اتوار کو اسلام آباد میں فریڈم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان چوروں اور ڈاکوں سے مفاہمت کی بجائے ان کا احتساب کریں گے اور وہ پاکستان کو ترقی دلوائیں گے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور معیشت کو ٹھیک کریں گے ،اپوزیشن اتحاد سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے ، اگر ان میں ہمت ہے تو راولپنڈی کی طرف آکر دکھائیں، جو لوگ 29دسمبر کی تاریخیں دیتے تھے انہیں سال بھی بتانا چاہئے تھا،انہوں نے کہا کہ یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے ، سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے ، پیپلزپارٹی کا پنجاب میں کوئی عمل دخل نہیں رہا، عوام نے احتساب کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو اس حال تک پہنچایا، وہ دور اندیشی سے کام لیتیں تو یہ حال نہ ہوتا، سارا پاکستان پاک فوج کیساتھ ہے ، بھارت اپنے ایجنٹوں اور سرمایہ کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ، پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام ہونگی، وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کو ٹھیک کرے گا، عمران خان کی جدوجہد کو دنیا کی تاریخ میں یاد رکھا جائیگا، انہوں نے کہا کہ علما اور ایم ڈبلیو ایم نے بہت تدبر کا ثبوت دیا ہے ، اپوزیشن اس دھرنے کو غلط استعمال کررہی تھی، ہزارہ قبیلے نے دوراندیشی کا ثبوت دیا اور ملک کو مسئلوں سے بچایا، انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے ، ہماری فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں، پاک فوج چوروں اور ڈاکوئوں کے لئے جان نہیں دے رہی، یہ پاکستان اور اسلام کے لیے جان دے رہی ہے ۔

اصل ریٹائرمنٹ قبر میں ہوتی ہے نواز شریف باہر بیٹھ کر فوج میں بغاوت کرانا چاہتا ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تبدیلی ایک مسلسل عمل کا نام ہے اصل ریٹائرمنٹ توصرف قبرمیں ہی ہوتی ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے 22 کروڑ عوام میں سے صرف 3 ہزار لوگ 70 فیصد ٹیکس دیتے ہیں، ہم جو مرمر کے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں اس میں سے آدھا گزشتہ حکومتوں کے لئے ہوئے قرضوں کی قسطوں پر چلا جاتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انقلاب کا مطلب ہوتا ہےاسٹیٹس کو کی تبدیلی، اس کے لئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے، تبدیلی ایک مسلسل عمل کا نام ہے، یہ کوئی سوئچ نہیں جسے آن کریں تو تبدیلی آگئی۔ ہم ایک فیصلہ کن مرحلے پر ہیں، ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں، کنسٹرکشن انڈسٹری ٹیک آف کرگئی ہے، سروس انڈسٹری اس وقت پوری دنیا میں بحران کا شکارہے، جب آپ خرچے کم کرتے ہیں تو ڈیمانڈ کو نیچے لاتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان 1992 کے بعد سے کبھی اقتدار سے نہیں نکلے، وہ 2018 تک اقتدار میں رہے، پہلی دفعہ ہے کہ اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم کا دبئی کی کمپنی کی ملازمت کررہا تھا، خواجہ آصف اوراحسن اقبال نے منی لانڈرنگ کے لئے اقامہ لیا تھا، ملک کا سابق وزیر دفاع اقامہ پرجھوٹ بولتا رہا۔ میری زندگی تو بہت آسان ہو جائے اگر میں ان کو این آراو دے دوں لیکن یہ پاکستان کی تباہی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ملکی مفاد کے لئے نہیں ذاتی مفاد کےلیے اکٹھے ہوئے ہیں، اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قانون سازی پر این آر او کے لئے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ان لوگوں نے ایک دوسرے کو این آر او دیا تھا، یہ لوگ مل کر چوری کررہے تھے، پرویز مشرف نے ان دونوں جماعتوں کو این آر او دیا، کرپٹ عناصر کو این آراو دینے سے ملک کا نقصان ہوگا۔

بلوچستان سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ افغان جہاد کے بعد پاکستان میں فرقہ ورانہ دہشت گردی شروع ہوئی، جام کمال اچھے وزیراعلیٰ ہیں ان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، کم آبادی اور ووٹوں کی وجہ سے ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دےرہی ہے، ماضی میں ترقیاتی فنڈزسرداروں کےذریعےجاتےتھے جس سے سردار امیر ہوگئے جب کہ بلوچستان کےعوام غریب رہ گئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ داعش کو بھارت سپورٹ کررہا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت کا ایک ہی مقصد ہے، اور وہ پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے۔ بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی، ہمارےاداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے کے لیے بہترین کام کیا۔ اصل ریٹائرمنٹ تو صرف قبرمیں ہی ہوتی ہے۔

شعیب ملک کی گاڑی کو حادثہ,گاڑی ٹرک سے ٹکر اگئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ڈرافٹ کے اختتام کے بعد حادثہ نیشنل ہائی پرفرمنس سینٹر کے باہر پیش آیا۔

شعیب ملک کی اسپورٹس کار ریسٹورنٹ کے باہر ٹرک سے ٹکرا گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے مایہ ناز آل راونڈر حادثے میں محفوظ رہے جبکہ اسپورٹس کار کے فرنٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،دو شہری زخمی

راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  بھارتی فوج کی سیزفائرمعاہدےکی خلاف ورزی، بھارتی فو ج نے ایل او سی کےبروہ اور خنجرسیکٹرپربلااشتعال فائرنگ کی۔بھارتی فوج نےجان بوجھ کرشہری آبادی کونشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے دو بزرگ زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،یکم جنوری سےاب تک بھارتی فوج نے 38جنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزیاں کیں۔

آصف زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر منتخب

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق  پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے، سابق صدر آصف علی زرداری پی پی پی پی کے صدر منتخب ہوگئے، فرحت اللہ بابر پی پی پی کے سیکرٹری جنرل جبکہ شازیہ مری سیکٹری اطلاعات منتخب ہوگئیں ، اس سے قبل نفیسہ شاہ سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر فائز تھیں،ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سیکٹری فائنانس منتخب ہوگئے، تمام عہدے داران بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔.

امریکا اپنے تحفظات دہشت گردی کی بھارتی منصوبہ بندی کیلئے رکھے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ہچکچاہٹ کے نتیجے میں ممبئی کیس میں قانونی عمل ابھی تک تعطل کا شکار ہے لہٰذا امریکا اپنے تحفظات دہشت گردی کی بھارتی منصوبہ بندی اور فروغ کے لیے رکھے۔

کالعدم تنظیم کے رہنما کو سزا سے متعلق امریکی بیان کے ردعمل میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختلف ٹویٹس میں کہا کہ ‘پاکستان اپنے دستور کی مکمل پاسداری اور اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے اور بہتر عمل کے ذریعے تحقیقات، مقدمات پر کارروائی اور سزا دیے جانے کا عمل پاکستان کے قانونی نظام کے مؤثر ہونے کا مظہر ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان کا قانونی نظام بیرونی عناصر یا دباؤ کے بغیر آزادی سے کام کرتا ہے’۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عدالتوں کی طرف سے جرح کے لیے گواہ بھیجنے کے حوالے سے بھارت کی طرف سے ہچکچاہٹ کے نتیجے میں ممبئی کیس میں قانونی عمل ابھی تک تعطل کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘امریکا اپنے تحفظات دہشت گردی کی بھارتی منصوبہ بندی، فروغ، مالی معاونت کے لیے رکھے جس کے پہلے ہی نمایاں قابل تردید ثبوت فراہم کیے جاچکے ہیں’۔

واضح رہے کہ دو روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے رہنما ذکی الرحمن لکھوی کو مجموعی طور پر 15 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی تھی۔

امریکا نے گزشتہ روز ذکی الرحمٰن لکھوی کی سزا سے متعلق فیصلے کو ‘حوصلہ افزا’ قرار دیا تھا۔

امریکی وزارت خارجہ کے بیورو برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور نے ٹوئٹر پر کہا کہ ‘اس کے جرائم دہشت گردی کی مالی اعانت سے کہیں زیادہ ہیں، پاکستان کو ممبئی حملوں سمیت دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کے معاملے میں ذکی الرحمٰن لکھوی کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیے’۔

معروف شاعر اور دانش ور نصیر ترابی انتقال کرگئے

معروف شاعر اور دانش ور نصیر ترابی انتقال کرگئے۔

نصیر ترابی کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی ہے ۔

نصیر ترابی معروف عالم دین علامہ رشید ترابی کے بیٹے تھے۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ معروف شاعر اور دانشور نصیر ترابی کی عمت 75 برس تھی۔

ٹیکس دینے والے پاکستان کے محسن ہیں، ان کی پذیرائی کریں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس دینے والے پاکستان کے محسن اور خراجِ تحسین کے حق دار ہیں،  ایسے اقدامات کا بھی اضافہ کیا جائے جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹیکس اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں ں وفاقی وزراء عبدالحفیظ شیخ، شبلی فراز، حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاونِ خصوصی وقار مسعود، چیرمین ایف بی آر جاوید غنی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکس کے نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور رواں مالی سال کے6 ماہ میں ٹیکس کی جمع رقم 2205 ارب روپےسےزائد ہے۔

وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وصولی کانظام خودکار کرکے ٹیکس دہندگان کو مراعات اورسہولیات دی جارہی ہیں، نئےڈیجیٹل نظام سےشفافیت کاعنصرنمایاں کیا جاسکے گا اور کرپشن اور ٹیکس چوری کو کم کیا جاسکے گا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیلزٹیکس کی وصول کردہ رقم میں بھی اضافے کا رجحان ہے۔

اس موقع پر  وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس دینے والے پاکستان کے محسن اور خراجِ تحسین کے حق دار ہیں، ایسے اقدامات کا بھی اضافہ کیا جائے جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

ماضی میں بجلی گھروں تک پہنچانے پر توجہ نہ دی گئی، شبلی فراز

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ ماضی میں بجلی کی پیداوار پر ہی کام کیا گیا، بجلی گھروں تک پہنچانے پر توجہ نہ دی گئی، ہماری حکومت اب بجلی کے ترسیلی نظام پر توجہ دے رہی ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیرِ پاور ڈویژن عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات 11 بج کر 41 منٹ پر بریک ڈاؤن ہوا جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کا شعبہ ہمارے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ماضی کی حکومتوں میں بجلی کی پیداوار پر زیادہ زور دیا گیا، بجلی کے سیکٹر پر ایک خاص سمت میں کام ہوا۔

شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت میں بجلی کی پیداوار پرزیادہ توجہ دی گئی، بجلی کے 3 شعبے ہوتے ہیں، پیداوار، ڈسٹری بیوشن اور ترسیل۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے پلانٹس تو بن گئے لیکن ترسیل کا نظام مطابقت نہیں رکھتا، بجلی کی پیداوار ہے لیکن ترسیل کا نظام بہتر نہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ بجلی کی ترسیل کا نظام اپڈیٹڈ نہ ہو تو مسائل ہوسکتے ہیں، حکومت بجلی کے ترسیل کے نظام پر توجہ دے رہی ہے۔

سینیٹر شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں کپیسٹی پیمنٹ بھی کرنا پڑتی ہے، وہ بجلی جو ہم بنا رہے ہیں لیکن اسے استعمال نہیں کر رہے۔