امریکا شمالی کوریا کا سب سے بڑا دشمن ہے: کِم جونگ

کِم جونگ اُن نے امریکا کو شمالی کوریا کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق شمالی کوریا کے مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ کِم جونگ نے ہفتے کے روز ایک خطاب میں کہا کہ امریکا اور اس کی جوہری طاقت کی حامل قوم شمالی کوریا کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ واپس امریکا کی تسخیر، ہمارے سب سے بڑے دشمن اور ہماری ایجاداتی ترقی میں رکاوٹ ہماری بیرونی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز ہونا چاہیے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکا میں کون اقتدار میں ہے، امریکا کی حقیقت فطرت شمالی کوریا کے لیے اس کی کبھی نہ تبدیل ہونے والی بنیادی پالیسیاں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے شمالی کوریا کے سربراہ کی جانب سے جاری بیان پر امریکی محکمہ خارجہ نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا جب کہ نو منتخب صدر جوبائیڈن کے ترجمان نے بھی اس پر تبصرے سے انکار کردیا۔

مودی کیخلاف ٹوئٹ کرنے پر بھارتی ایئرلائن نے مسلم پائلٹ کو برطرف کردیا

نئی دہلی: بھارت کی فضائی کمپنی ’’ گو ایئر‘‘ نے وزیراعظم مودی کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر اپنے سینیئر پائلٹ آصف خان کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فضائی کمپنی ’’ گو ایئر‘‘ نے اپنے ایک مسلمان پائلٹ کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔

گو ایئر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی نے اپنے ملازمین کے سوشل میڈیا سے متعلق بھی ضابطے بنائے ہیں۔ برطرف پائلٹ اسی ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔

دریں اثنا سینیئر پائلٹ آصف خان نے وزیراعظم کے خلاف اپنے تبصرے پر معافی مانگتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں وزیراعظم اور دیگر جارحانہ ٹویٹس کے بارے میں معذرت خواہ ہوں جس سے کسی سے بھی وابستہ افراد کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔

سینیئر پائلٹ آصف خان کی ٹوئٹ پر کی گئی معذرت کے باوجود گوایئر نے ملازمت سے برخاستگی کے فیصلے کو واپس نہیں لیا۔

بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے، وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے، ہزارہ برادری کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی شیعہ برادری کا قتل افسوسناک ہے، ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر بہت دکھ اور افسوس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شیعہ ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی کی جارہی ہے،کچھ دہشتگرد گروہوں اور داعش کااتحاد ہوچکا ہے، داعش کو بھارت کی سپورٹ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہ باقی رہ گئے،افغان جہاد ختم کےبعدعسکری گروہوں نےپاکستان کوبہت نقصان پہنچایا،مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سےآگاہ کردیاتھا۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی،کراچی میں مولانا عادل کاقتل فرقہ وارانہ تصادم کوہوا دینےکی کوشش تھی، ہمارے اداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے کے لیے بہترین کام کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ایجنسیز نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا، خفیہ ادارے اور فوج بہترین ادارے ہیں،سیکیورٹی اداروں نےکئی گروہوں کودہشتگردی سےپہلے ہی گرفتار کیا، سیکیورٹی فورسز مسلسل اقدامات کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم آبادی اورووٹوں کی وجہ سےماضی کی حکومتوں نےبلوچستان پرتوجہ نہ دی، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،پیپلزپارٹی نے کراچی اورماضی کی وفاقی حکومتوں نےبلوچستان کو نظراندازکیا، بلوچستان کی تباہی میں وہاں کے سرداری سسٹم کابھی کردارہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی فنڈز سرداروں کے ذریعے دیےجاتے تھے،سردار امیر ہوگئےجبکہ بلوچستان کے عوام غریب رہ گئے،جام کمال اچھے وزیراعلیٰ ہیں، ان کےساتھ مل کربھرپورکام کررہےہیں۔جب اخلاقی گراوٹ ہو تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں، دو جماعتوں نے ملک و قوم کی اخلاقی اقدار کو تباہ کیا۔

تیز ترین 27 سنچریاں، اسٹیون اسمتھ نے کوہلی اور ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑدیا

لاہور: اسٹیون اسمتھ نے تیز ترین 27سنچریوں کے ریکارڈ میں ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑدیا۔

آسٹریلوی بیٹسمین مجموعی طور پر ہم وطن سر ڈان بریڈ مین کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، گذشتہ روز سڈنی ٹیسٹ میں اسمتھ نے اپنے کیریئر کی 136ویں اننگز کھیلتے ہوئے 27 ویں سنچری مکمل کی،ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر نے 141اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین نے صرف 70اننگز میں ہی 27سنچریاں مکمل کرلی تھیں اور آج بھی سرفہرست ہیں۔

انڈونیشیا میں مسافروں سے بھرا طیارہ پرواز کے بعد لاپتا

انڈونیشیا ءمیں ”سری ویجایا ایئر لائن “ کا مسافرطیارہ لاپتہ ہو گیاہے ،طیارے کا رابطہ دو بج کر 39 منٹ پر منقطع ہوا ۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری ویجایا ایئر لائن کے مسافر طیارے بوئنگ 737” ایس جے 182 “ نے انڈونیشیاءکے دارلحکومت حکومت جکارتہ سے 1 بج کر 40 منٹ پر پونتیانک جانے کیلئے پرواز بھری تھی ، اُڑان بھرنے کے ایک گھنٹے بعد طیارے کا رابطہ منقطع ہوا اور وہ ریڈار سے غائب ہو گیا ،طیارہ 10 ہزار فٹ بلندی پر تھا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے کے سمندر میں گر کر تباہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیاہے ۔

                                                                                                                                  بتایا گیاہے کہ سری ویجایا کا طیارہ 26 سال پرانا تھا اور اس نے اپنی پہلی پرواز 1994 میں کی تھی ، طیارے کا رجسٹریشن نمبر ہے ۔انڈونیشیاءکی وزارت برائے ٹرانسپورٹیشن کی ترجمان ادیتا اراوتی نے طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے ،ان کا کہناہے کہ طیارے سے متعلق مزید معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا: اسپیکر پلوسی

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہےکہ اگر صدر ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا۔

اسپیکر نینسی پلوسی کاکہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ فوری طور پر استعفیٰ نہیں دیتے تو ایوان کیپیٹل ہل واقعے کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کے مواخذے کی تحریک پر کارروائی شروع کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان نمائندگان کے ممبران کو امید ہے کہ ٹرمپ فوری استعفیٰ دیں گے لیکن وہ ایسا نہیں کرتے تو میں نے ایک رولز کمیٹی تشکیل دی ہے جو کانگریس رکن جیمی راسکن کے ساتھ مل کر صدر کے مواخذے کے لیے 25 ویں ترمیم کی قانون سازی کے تحت تحریک پیش کرنے کی تیاری کرے گی۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان کے پاس ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے 25 ویں ترمیم، مواخذے کی تحریک اور قرارداد سمیت ہر آپشن موجود ہے۔

دوسری جانب کانگریس کی خاتون رکن پرمیلا جے پال نے بھی مطالبہ کیا کہ صدر کے مواخذے کی کارروائی فوری شروع کی جانی چاہیے اور اسے ابھی کرنا چاہیے۔

کانگریس رکن کیلی کاہلے نے بھی 25 ویں ترمیم یا مواخذے کے ذریعے صدر کو فوری ہٹانے کی بھرپور حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کا ہر دن امریکا کے لیے انتہائی غیر محفوط ہے۔

لیجنڈ اداکار سلطان راہی کو بچھڑے 25 برس بیت گئے

فلم ‘مولا جٹ’ سمیت سیکڑوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے لیجنڈ اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے۔

پنجابی فلموں کے سلطان اداکار سلطان راہی نے 1938 میں بھارتی شہر سہارن میں آنکھ کھولی اور تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان منتقل ہوگئے، سلطان راہی نے 1971 میں اپنے فلمی کیریئرکا  آغاز کیا، اس دوران پنجابی فلم بشیرا کی کامیابی نے انہیں سپر اسٹاربنا دیا۔

سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی فلم کی کامیابی کی ضمانت بنی اور ان کی فلم ‘مولا جٹ’ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیے۔

سلطان راہی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 12 اگست 1981 کو  ان کی 5 فلمیں شیر خان، ظلم دا بدلہ، اتھرا پتر، چن وریام اور سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہوئی تھیں، جنہوں نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کر دیے۔

700 سے زائد اُردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر سلطان راہی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا اور انہیں 150 سے زائد فلمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

سلطان راہی اور انجمن کی جوڑی نے فلم بینوں کے دل موہ لیے، ایکشن ہیرو کی دیگر مقبول ترین فلمی ہیروئن میں آسیہ، صائمہ، گوری، نیلی اور بابرہ شریف قابل ذکر ہیں۔

فن کے سلطان کو 9 جنوری 1996ء کو گجرانوالہ کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، وفات کے وقت بھی سلطان راہی کی 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔

خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا ویکسین کا پہلا انجیکشن لگوا لیا

خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نیوم میں کورونا ویکسین کا پہلا انجیکشن لگوا لیا۔ویکسینیشن کی پہلی خوراک شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خواہش پر لگائی گئی۔اس موقع پہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ ویکسینیشن کی پہلی خوراک لینے پر شاہ سلمان کے شکر گزار ہیں۔مملکت میں سعودی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ویکسین لگوائی۔کورونا وبا سے روک تھام کے لیے ویکسینیشن کا آغاز بڑے پیمانے پر تقریباً سبھی ممالک میں شروع ہو چکا ہے۔یورپی ممالک سمیت عرب ممالک میں بھی کورونا ویکسین کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔ویکسین کے حوالے سے کچھ ممالک نے شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا ہے کہ کورونا کی بدلتی کیفیت میں شاید موثر نہیں ہے مگر اس کے باوجود بھی کورونا ویکسین کی طلب بڑھ رہی ہے۔ سعودی عرب کی انتظامیہ نے اپنے عوام کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ مہینے ہی کورونا ویکسین کا آرڈر دے دیا تھااور سعودیہ کے شہریوں کو یہ ویکسین لگائی بھی جا رہی ہے۔کورونا ویکسین سعودی عرب آنے پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ویکسین لگوائی تھی ا ور اب کنگ شاہ سلمان نے بھی کورونا ویکسین لگوا لی ہے۔شاہ سلمان نے ویکسین لگوانے کی تصویر اتروائی جو کہ سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کی گئی جس کا صرف اور صرف یہ مقصد تھا کہ عوام کا کورونا ویکسین پر اعتماد بحال ہواور وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ویکسین لگوائیں۔یاد رہے کہ کورونا وبا کو دنیا میں آئے ایک سال سے اوپر کا عرصہ ہو چکااور اس وقت تک ترقی پذیر ممالک سے لے کر ترقی یافتہ ممالک تک کوئی بھی مکمل طور پر اس موذی مرض سے نجات حاصل نہیں کر سکا۔اگرچہ ویکسین تیار کر لی گئی ہے مگر پھر بھی کورونا وبا کا پھیلاﺅ بڑھتا جا رہا ہے اور ماہرین کا ماننا یہ ہے کہ اب ہمیں اس وائرس کے ساتھ ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہی زندگی گزارنا ہو گی۔

علی ظفرایشیا کے خوبصورت ترین مردوں میں شامل

کراچی: پاکستان کے گلوکارو اداکار علی ظفرایشیا کے خوبصورت مردوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکارواداکارعلی ظفر نے اپنے نام ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ اداکاری و گلوکاری میں تو وہ اپنا بہترین مقام بنا ہی چکے ہیں لیکن اب وہ ایشیا کے وجیہہ مردوں میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔

برطانیہ کے ایسٹرن آئی میگزین کے آن لائن پول کے نتیجے کے مطابق علی ظفرایشیا کے خوبصورت مردوں میں شامل ہوگئے ہیں اورفہرست میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

علی ظفر کے علاوہ فہرست میں پہلے نمبرپربالی ووڈ اداکارہریتھک روشن، دوسرے نمبر پرگلوکارزین ملک بھی شامل ہیں۔

مچھ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے وزیراعظم عمران خان کوئٹہ کیلئے روانہ

وزیراعظم عمران خان کوئٹہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ مچھ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نور خان ائیر بیس سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سانہ مچھ کے متاثرین سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کریں گے، وزیراعظم عمران خان ہزارہ عمائدین سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات سنیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور  انہیں سانحہ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔

خیال رہے کہ 7 روز قبل مچھ میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 کان کنوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

لواحقین نے کوئٹہ کے شدید سرد موسم میں 6 روز تک اپنے پیاروں کی لاشیں رکھ کر احتجاج کیا اور ان کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم کے آنے تک لاشوں کی تدفین نہیں کی جائے گی تاہم گزشتہ رات ہزارہ ایکشن کمیٹی اور حکلومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سانحہ مچھ میں جاں بحق افراد کی آج تدفی کر دی گئی ہے۔