تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کو سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں معاونت کی پیشکش کردی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ پیشکش وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کی ہے۔
معروف نشریاتی ادارے العربیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیراعطم نفتالی بینیٹ کی جانب سے پیشکش اس وقت کی گئی ہے جب حوثی ملیشیا نے ابوظہبی کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ نے اسرائیل کے مؤقر اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کی جانے والی پیشکش کے لیے باضابطہ طور پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان کو خط بھی لکھا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے لکھا جانے والا خط سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پہ بھی آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اسرائیل انتہا پسند قوتوں کے خلاف جنگ میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہم آپ کو سیکورٹی اور انٹیلی جنس کی معاونت پیش کرنے کوتیار ہیں تاکہ اس طرح کے حملوں سے اپنے شہریوں کو بچانے میں آپ کی مدد ہو سکے۔
نفتالی بینیٹ نے مطابق انہوں نے اسرائیلی سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کو حکم دے دیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اپنے ہم منصبوں کو اگر وہ چاہیں تو انھیں جو بھی مدد درکارہے، فی الفور فراہم کریں۔
وزیراعظم کے مطابق اسرائیل متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑا ہے، وہ محمد بن زائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پیر کے دن ڈرون حملوں کے باعث دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی اور دو بھارتی شہری ہلاک ہو ئے تھے جب کہ چھ زخمی ہو گئے تھے۔
حوثی ملیشیا نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یواے ای میں بڑی بھرپور کارروائی کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد نے اپنے ردعمل میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی اور انھیں نہیں چھوڑا جائے گا۔