بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت میں داعش جنگجوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فوجی اڈے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی ضلع العزم کے پہاڑی علاقے میں واقع فوجی اڈے میں رات گئے داعش جنگجوؤں گھس آئے اور بیرک میں سوئے ہوئے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
داعش جنگجوؤں کی فائرنگ میں کم از کم 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور جاتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور فوجی گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
عراق میں 2014 کو مسلح تنظیم داعش نے بڑے حصے پر قبضہ کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اتحادیوں کی مدد سے طویل جنگ کے بعد عراقی فوج داعش کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی۔
داعش کے قبضے سے زیادہ تر علاقہ واگزار کرالیا گیا ہے لیکن اب بھی دور دراز دیہی علاقوں میں داعش جنگجو موجود ہیں جو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر اب بھی کارروائیاں کر رہے ہیں۔