لاہور : (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے جنوبی پنجاب کی عوام کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ڈسا ہوا قرار دے دیا۔
سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے پر منافقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام کو لولی پاپ دیتی آئی ہیں، اسی لیے دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب کی محرومی میں شریک ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پہلی بار عمران خان اور عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا، پی ٹی آئی نے بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور اب جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل رہے ہیں کیوں کہ جنوبی پنجاب کا مختص بجٹ صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہورہا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب کے عوام کےلیے حکومت کا تحفہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب صوبہ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
حسان خاور نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنارہی ہے اگر ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام سےمخلص ہیں تو پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔