لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کائونٹی ہیمپشائر نے 2022سیزن کے لیے بھی پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس سے معاہدہ کر لیا ہے۔
ہیمپشائر نے ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں محمد عباس سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد عباس ایک بار پھر سے ہیمپشائر کی جانب سے کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں اور وہ کم از کم سیزن کے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستانی سیمر نے گزشتہ سال ہیمپشائر کے باؤلنگ اٹیک میں صرف 16 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے اپریل میں دی ایجاس باؤل میں مڈل سیکس کے خلاف 6-11 کے بہترین اعداد و شمار کے ساتھ سیزن میں 3 بار 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
محمد عباس ہیمپشائر میں دوسرے اوورسیز بولر کی حیثیت سے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کے ساتھ 2021 کا کامیاب سیزن گزارنے والے کائل ایبٹ ہوں گے۔
اس سےقبل محمدعباس 2 سال تک لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں، پیسر لیسٹر شائر کی جانب سے 2 سیزن میں 19 میچوں کے دوران 79 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔