اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادو شمارجاری کردیئے ہیں جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 18.62 فیصد رہی ، سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 20.24 فیصد رہی ۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 18 روپے 53 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 78 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے ، حالیہ ہفتے لہسن 13 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگاہوا ، دال چنا 1 روپے 92 پیسے فی کلو، دال ماش 2 روپے 57 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ، دال مسور 1 روپے 54 پیسے، دال مونگ 68 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن 2 روپے 45 پیسے اوربیف 1 روپے 46 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 2 روپے 51 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔
حالیہ ہفتے 200 گرام سرخ مرچ کے پیکٹ کی قیمت میں 25 روپے 85 پیسے کم ہوکر 259 روپے 90 پیسے ہو گئی ہے ، ایک ہفتے کے دوران آلو 1 روپے 70 پیسے ، پیاز 1 روپے 15 پیسے فی کلو سستے ہوئے ، انڈوں کی قیمت میں 3 روپے 83 پیسےفی درجن کمی ہوئی ہے ۔
اعدادوشمار کے مطابق برائلر مرغی 3 روپے 20 پیسے سستی ہوکر 184 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ہے ، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی ہے ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 48 روپے 56 پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔