اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کی سمت درست ہے جس پر چینی قیادت نے بھی اعتماد کا اظہار کیا، افغانستان کے معاملے پر چین اور پاکستان میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سابق سفیروں اور صحافیوں سے خصوصی نشست میں کہا کہ صدر پیوٹن سے میری ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی، انہوں نے کہا کہ روس میں کوئی اسلامو فوبیا نہیں۔ میرے دورہ روس پر مسجد میں ایک پروگرام رکھا گیا ہے۔ افغانستان پر چین اورپاکستان میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، وہاں انسانی بحران روکنے کیلئے سب متفق ہیں، صرف امریکہ کی رائے مختلف ہے۔ افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو امریکا کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین میں فیصلہ ہونے کے بعد اس پر عملدرآمد ہوتا ہے، صدر شی جن پنگ کا گراف اوپر جانےکی وجہ وزیروں کی سطح پر 400 لوگوں کا احتساب کرنا ہے۔ ہمیں 18ویں ترمیم کے بعد بہت سے مسائل کا سامنا ہے، بل پاس کرانے کیلئے اکثریت کی ضروت ہوتی ہے۔ ہم قومی اسمبلی سے بل پاس کراتےہیں توسینیٹ میں پھنس جاتے ہیں۔ ملک میں اشیا کی قیمتیں یکساں ہونی چاہئیں مگر سندھ اور پنجاب میں الگ الگ قیمت پر گندم بک رہی ہے۔