اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) سیکٹر کی ترقی کے لیے تاریخی اصلاحاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے چند سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 50 بلین ڈالر تک بڑھانے کا وژن ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آئی ٹی سیکٹر سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے پاکستان ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے سے کرنٹ اکاؤنٹ کے بڑے خسارے کو پورا کیا جا سکتا ہے، ہم معاشی تبدیلی کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے، اگلے چند سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 50 بلین ڈالر تک بڑھانے کا وژن ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر اسپیشل ٹیکنالوجی زونز قائم کیے جائیں، پہلے مرحلے میں شہروں میں ٹیکنالوجی کی جدت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے گا، فارن ایکسچینج اور انکم ٹیکس کی پالیسیوں میں ضروری تبدیلیاں متعارف کرائیں اور ملک میں آئی ٹی اسٹارٹ اپس کو پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی۔