اسلام آباد: (ویب ڈیسک) لاہور کے بعد اب اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے بچوں کو بھی مفت کھانا ملے گا۔
اب اسلام آباد کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے بچوں کو گھروں سے لنچ باکس لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور نہ ہی باہر سے چپس، پاپڑ یا بسکٹ کھانا پڑیں گے۔
لاہور کے بعد اب اسلام آباد کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے بچوں میں بھی مفت کھانا فراہم کیا جائے گا اور روزانہ کا مینیو مختلف ہو گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں اسکول کھانا پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ جس میں 100 سرکاری اسکولوں کے 25 ہزار بچے دوپہر کا کھانا اسکول میں ہی کھا سکیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے ایف سکس تھری میں پرائمری ماڈل اسکول میں اسکول کھانا پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے مقامی ٹرسٹ کی زیرپرستی چلنے والے پروگرام کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اس اچھے اقدام سے اسکولوں میں طلبا کی حاضری میں زبردست بہتری آئی ہے۔
مقامی ٹرسٹ کے چیئرمین شاہد لون نے کہا کہ بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی کے لیے کھانے نیوٹریشن میل پر لے کر جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسکولوں میں ایسے پروگرامز نہ صرف طلبا کی حاضری کو یقینی بنائیں گے بلکہ بچوں کی اچھی صحت کے بھی ضامن ہوں گے۔