گھوٹکی: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے سندھ میں میدان لگالیا۔ شاہ محمود، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ کی قیادت میں سندھ تحفظ حقوق مارچ کا گھوٹکی سے آغاز ہوگیا۔
سکھر میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے لیے جلسہ گاہ تیار کر لیا گیا۔ سندھ پنجاب کی سرحد پر واقع ضلع گھوٹکی کے علاقے کموں شہید سے لانگ مارچ شروع ہو کر رات سکھر پہنچے گا۔ پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے شرکاء رات سکھر میں قیام کریں گے۔ سکھر میں قیام کے دوران مارچ کے قائدین جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ جلسے کے لیے ڈی آئی جی آفس کے قریب پنڈال تیار کیا جا چکا ہے۔ جلسے میں سیکڑوں کی تعداد میں کرسیاں اور صوفے لگا دیئے گئے ہیں۔ قائدین کے بیٹھنے کے لیے 150 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ، مبین خان اور دیگر خطاب کریں گے۔ لانگ مارچ رات سکھر میں قیام کے بعد کل شکارپور روانہ ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام 14 سال سے مسلط کرپٹ حکمرانوں سے نجات، اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آنیوالی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے، پاکستان تحریک انصاف کی “سندھ حقوق مارچ ریلی”میں شرکت کر کے تبدیلی کی اس تاریخی جدوجہد میں شامل ہوں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ صوبے کے عوام کو جگانے کیلئے ہے، زرداری مافیا سندھ کیلئے علی بابا چالیس چور کی طرح ہے، نوسر بازوں کا ٹولہ کراچی سے اسلام آباد کیلئے نکل رہا ہے، سندھ میں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، بلاول زرداری کو جواب دینا ہوگا، سندھ میں اسکولوں کی حالت ابتر، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں، سندھ میں جنگل کا قانون ہے، سندھ کے عوام کو ان سے نجات دلائیں گے۔