کیف:(ویب ڈیسک) روس اور یوکرین میں جاری لڑائی کے باعث پھنسے پاکستانی انتہائی مشکلات سے دو چار ہیں، شہریوں کے پاس پیسے ختم ہو گئے، ٹرانسپورٹ ناپید ہونے سے شہریوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کر دی۔
یوکرین میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر نوئل نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی محفوظ ہیں، زیادہ ترطلبہ کو پولینڈ منتقل کردیا، دیگر کو نکالنے کیلئے بھی انتظامات کر رہے ہیں، لو ریلوے سٹیشن پر پاکستانی شہریوں اور طلبہ کیلئے استقبالیہ کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نوئل کھوکر کا کہنا ہے کہ 41 طلبا اور 24 خاندانوں کو پولینڈ پہنچا دیا۔ 53 طلبہ اس وقت بارڈر پوسٹ پر اور 67 سہولت سنٹر میں ہیں۔ 104طلبا کو خرکیف سے بذریعہ ٹرین لایا جا رہا ہے۔ کوشش ہےآج 200 سے زائد طلبہ کو بارڈر کراس کرادیں۔ لو ریلوے سٹیشن پر پاکستانی شہریوں اورطلبا کیلئے استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
پاکستانی طلبہ نے ایک بار پھر پاکستانی حکومت سے جلد از جلد مدد کی اپیل کی ہے۔
پولتاوا شہر میں موجود طلبہ کا کہنا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، مدد کیلئے کوئی نہیں آیا،ٹرانسپورٹ اور رقم بھی نہیں، پولینڈ اور ہنگری کے بارڈر تک کیسے پہنچیں۔
ایک طالب علم کے والد نے صورتحال پر سخت پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں پھنسے طلبہ پریشان اور مصیبت میں ہیں۔ وزیراعظم طلبہ کی واپسی کیلئے مدد کریں ۔ جنگی زدہ ماحول کے باعث طلبہ کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، حکومت پاکستانی شہریوں اور طلبا کی حفاظت کیلئے خاطر خواہ انتظامات کرے۔