کیف: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین کے شہروں پر حملوں میں شدت آ گئی، خرکیف، ماریو پول، سومی سمیت دیگر شہروں میں بمباری سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ترکی کی میزبانی میں روس اور یوکرین میں مذاکرات آج ہوں گے۔
یوکرین میں جنگ کے دوران روسی ٹینک مشرق سے دارالحکومت کیف کی طرف بڑھنے لگے۔ ارپن میں شدید بمباری سے خرکیف ، ماریو پول، سومی کا محاصرہ بھی جاری ہے، بمباری سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ ادھر کیف میں لڑنے کے لیے آنے والوں کو ٹینک تباہ کرنے کی ٹریننگ شروع کردی گئی ہے، جب کہ شہریوں نے یوکرینی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں سے انخلا تیز کردیا ہے۔
جنگ کے خاتمے کے لیے ترکی کی کوششوں سے روس اور یوکرین میں مذاکرات آج ہونے جا رہے ہیں، صدر طیب اردوان اور امریکی صدر بائیڈن میں بھی ٹیلی فونک بات چیت ہو گی۔
دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی اور برطانوی وزرائے خارجہ نے حملے نہ روکنے پر روس پر مزید پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے لیے آنے والے دن بھیانک ہو سکتے ہیں، صدر پیوٹن جنگ میں طاقت کا اندھا دھند استعمال کر سکتے ہیں، دارالحکومت کیف میں 10 دنوں میں خوراک اور پانی ختم ہو سکتے ہیں۔
ادھر یوکرین نے گندم، اجناس اور گوشت کی برآمدات پر پابندی لگا دی، یوکرین دنیا بھر کی گندم کی 12 فیصد ضروریات پیدا کرتا ہے۔