انقرہ: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے وزراء خارجہ کے درمیان پہلی مرتبہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات جمعرات کو ترکی میں شروع ہوگئے۔
اعلیٰ سطحی سہ فریقی اجلاس ترکی کے شہر انطالیہ میں ہو رہے ہیں۔
بدھ کو یوکرین کے وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام میں نیک نیتی سے بات چیت کی امید ظاہر کی اور کہا کہ امید کرتے ہیں یہ پروپیگنڈا نہیں ہوگا لیکن حقیقتاً ہم جنگ کے خاتمے کا حل چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز، ترک صدر رجب طیب اردوان نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے جنگ بندی پر اتفاق کرنے میں مدد ملے گی جبکہ جنگ ٹل بھی سکتی ہے جبکہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران کسی پیش رفت کا امکان بہت کم ہے۔
اس سے قبل، یوکرین کے وزیر خارجہ نے فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں کہا تھا کہ وہ مذاکرات کی تیاری کر رہے ہیں لیکن روس سے توقعات بہت کم ہیں۔
ترکی حالیہ تنازع کے باوجود روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کو دو ہفتے گزر چکے ہیں اور اس دوران بیلاروس کے مقام پر دونوں ممالک کے فریقین تین مرتبہ مذکرات کر چکے ہیں، جس میں شہریوں کے انخلاء پر ہی اتفاق ہوسکا تھا۔