راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواہیں نہ پھیلائی جائیں ، فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔
ایئر فورس کے افسر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے تیز رفتار چیز کو ریڈار پر دیکھا گیا۔ 9مارچ کو چھ بج کر 33 منٹ پر ایک چیز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان ایئرفورس نے اس چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی۔ اس چیز نے اچانک رخ بدلا اور پاکستانی حدود کی طرف بڑھنے لگی۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فلائنگ اوبجیکٹ غیرمسلح تھا، پاک فضائیہ نے فلائنگ اوبجیکٹ کی مکمل مانیٹرنگ کی، فلائنگ اوبجیکٹ 3 منٹ 24 سیکنڈتک پاکستانی حدودمیں پروازکرتا رہا، پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ کوئی انسانی جان ضائع نہیں ہوئی صرف ایک دیوار گری۔ واقعہ کی جو بھی وجہ ہو بھارت کو جواب دینا ہو گا۔ اگر پاکستان کی حدود میں کوئی بھی چیز داخل ہوتی ہے یا کوئی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاک فوج موجود اور تیار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں پاک فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔ جو لوگ مداخلت کی بات کرتے ہیں، اس کا جواب بھی ان ہی سے مانگا جائے، ان سے ثبوت مانگا جائے اور اگر کوئی بات کرتا ہے تو اس کے پاس اس کے ثبوت بھی ہوں گے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کے دوران ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال کے سوال پر مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی امور پر بات نہیں کرنا چاہتے۔
نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ امریکا کا کوئی شیڈول جاری نہیں ہوا۔