کامرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے، بالا کوٹ میں پاکستان کے جواب سے پوری دنیا میں پیغام گیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، مسلح افواج کے باعث آج کوئی بیرونی طاقت ہم پر دباؤنہیں ڈال سکتی۔
وزیراعظم عمران خان نے کامرہ میں تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، 40 سال پہلے ایف 16 کی شمولیت پر خوشی ہوئی تھی، اپنی قوم کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جے 10 سی سے دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا، ہم پر اعتماد ہیں کہ ہماری آرمڈ فورسز ملک کا دفاع کرسکتی ہیں، مسلح افواج کی طاقت اس وقت بنتی ہے جب قوم ساتھ کھڑی ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کی سمت درست، معیشت بہتر ہو رہی ہے، پاکستان مستحکم ہوتا جا رہا ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، جب قوم پیچھے کھڑی ہو تو افواج کا حوصلہ بڑھتا ہے، حکومت نے نچلے طبقے کیلئے اقدامات کیے، ہمارا اصل مقصد نچلے طبقے کی بہتری ہے، صحت کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، ترسیلات زر اور ٹیکس میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ملک کی آمدنی بڑھنے سے غربت میں کمی ہوگی۔