اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں عمران خان نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا۔
نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ احتساب کا بیانیہ دم توڑچکا، آج تک جتنے بھی میگا اسکینڈل عمران نیازی کے ناک کے نیچے ہوئے ایک ریفرنس نیب کونہیں بھیجا گیا۔ چینی، ادویات، گندم، گیس، پاورپلانٹس کے اربوں کے سکینڈل سامنے آئے، مہنگے ترین فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی، بی آرٹی پشاور، مالم جبہ سمیت کسی ایک کیس کی تحقیقات نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے خلاف درجنوں کے حساب سے مقدمات درج کیے گئے، ایک بھی مقدمے کے شواہد سامنے نہیں لاسکے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے میرے خلاف پونے دوسال تحقیقات کی۔ کہا ڈرون حملوں پرنوازشریف نے کچھ نہیں کیا تاریخ کومسخ کرنے کے مترادف ہے، میرے قائد ڈرون حملوں پر پورا مقدمہ لڑتے تھے، یہ ساری باتیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب عمران خان کہہ رہے ہیں کہ عالمی سازش ہوئی، وزیراعظم نے معاشرے میں زہر گھولا ایسے شخص کی تقریرنہیں سنتا، کل اس نے کہا نوازشریف، شہبازشریف مغرب کے خلاف کیا بات کریں گے، تمہیں شرم آنی چاہیے ایسی بات کرتے ہو، ایک دھیلا تم لیگی قائد اورمیرے خلاف ثابت نہیں کرسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ٹرمپ سے ملاقات میں بڑے اچھے انداز میں ملاقات کی اور کہا دوسرا ورلڈکپ لیکرآرہا ہوں، اس شخص نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا، چین نے ہر ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ کس نے سی پیک کے خلاف دشنام تراشی کی، عمران خان، اسدعمر، پرویزخٹک نے سی پیک کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کیا تھا۔ سی پیک میں قرضے اورانویسٹمنٹ بھی شامل ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دن رات پروپیگنڈا کیا جاتا تھا، لاہوراورنج لائن، انفراسٹرکچر پر 8 فیصد نہیں سوا 2 فیصد پر قرضے لیے گئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پونے چارسالوں میں پاکستان کے تعلقات کونقصان پہنچایا، شاہ محمود نے کہا سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیرکا مقدمہ لڑ سکتے ہیں، خط7 مارچ کو آیا تو 3 ہفتے کیوں چپ رہے؟ نیشنل سیکیورٹی میں بعد میں گئے، کل پہلے کہا امریکا پھر کہا نہیں، نہیں، اندازہ کریں اتنے بچے معصومی میں امریکا کا نام لے گئے پھر کہا نہیں، نہیں، اگرامریکا نے خط لکھا تھا تو اوآئی سی میں امریکی وفد کو کیوں دعوت دی، خدا کا خوف کریں کس کوبیوقوف بنارہے ہیں۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ خود عمران نیازی نے ملتان میٹرو کے چینی کمپنی کے خلاف الزام لگائے، ملتان میٹرومیں لگائے گئے الزامات آج تک ثابت نہیں کرسکے۔ چین کی کمپنیوں پربھی کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپ کا آخری ہتھکنڈا ہے، کل پارلیمان میں 172 ارکان موجود تھے، آپ اچھی طرح جانتے ہیں پرسوں شکست فاش ہو گی، شکست فاش نظرآنے پرایک لاکھ لوگوں کولانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ابھی تک ہمارے کسی ممبر، اتحادی پارٹیوں کو کوئی تھیرٹ والی کال نہیں کی گئی، ہم نے انتظامیہ، پولیس کو کہا ہے ووٹنگ والے دن سیکیورٹی کا بندوبست کریں، اگرپرامن ووٹنگ کے لیے کہیں رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر انتظامیہ کٹہرے میں ہو گی، متحدہ اپوزیشن متحد ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کوکئی دانے پھینکے گئے لیکن انہوں نے پرواہ نہیں کی، پرسوں عمران نیازی کو شکست فاش ہو گی، ابھی عثمان بزدارکے استعفے کا پتا چلا ہے، کل ہی اجلاس بلا لیا گیا اس سے بڑی کوئی دھاندلی ہو سکتی ہے، پنجاب میں مشاورت سے فیصلہ کریں گے، کوئی بڑا بول نہیں بولوں گا، ہم نے کبھی کرپشن کے خاتمہ کرنے کا ڈھونڈورا نہیں پیٹا، عمران خان نے 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، ہم نے کبھی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا نعرہ نہیں لگایا، ہمارے ادوار کی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ متحدہ اپوزیشن کی حکومت معرض وجود میں آئے گی، غریب کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے، جو اقدامات کریں گے ابھی اس کا اعلان نہیں کرنا چاہتا، آئی ایم ایف کے ہم اسیر بن چکے ہیں، یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں۔