ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار جان ابراہم اور اداکارہ راکل پریت سنگھ نے حال ہی میں معروف کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو ‘ میں اپنی آنے والی فلم اٹیک کی تشہیر کے لیے شو میں شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے دوران راکل پریت سنگھ نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنی پہلی فلم کی پیشکش ان کی تاریخ پیدائش کی وجہ سے ہوئی۔
اس بات کا انکشاف کپل کے شو کے ایک حصے میں اس وقت ہوا جب میزبان نے راکل کے بارے میں کچھ افواہوں پر بات کی۔ ان میں سے ایک یہ تھی کہ اداکارہ کو ان کی تاریخ پیدائش کی وجہ سے پہلی فلم کی پیشکش ہوئی۔
اس کی وضاحت کرتے ہوئے راکل نے کہا کہ میں کالج کے پہلے سال میں تھی جب مجھے اپنی پہلی فلم کی پیشکش ہوئی تھی، اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ میں اداکاری کرنا چاہتی ہوں اس لیے میں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
تاہم فلم کے پروڈیوسر نے میرے والد کو فون کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنی بیٹی کو فلم میں کرنے کے لیے راضی کریں۔
راکل پریت نے بتایا کہ پروڈیوسر نے والد سے میری تاریخ پیدائش چیک کرنے کو کہا۔ انہوں نے بتایا کہ نے میری تاریخ پیدائش کے مطابق میں مستقبل میں ایک بڑی، کامیاب اداکارہ بنوں گی اس لیے وہ مجھے لانچ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے کافی حیران کن تھا تاہم میں نے فلم میں کام کرنے کیلئے ہاں کردی۔
واضح رہے کہ راکل نے 2014 میں فلم یاریاں سے بالی وڈ میں قدم رکھا جبکہ اس سے پہلے انہوں نے کئی تامل اور تیلگو فلموں میں اداکاری کی۔
