ہیملٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز روس ٹیلر نے اپنے کیریئر کا آخری ون ڈے میچ کھیل کر نم آنکھوں کیساتھ کرکٹ کی دنیا کو گڈ بائے کہہ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 450 انٹرنیشنل میچز میں کیویز کی نمائندگی کے بعد 38 سالہ ٹاپ آرڈر بیٹر کے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے پہلے قومی ترانہ سنتے ہوتے ہی آنسو چھلک آئے۔
نیوز لینڈ کے کرکٹر جذبات پر قابو نہ رکھ پائے، گراؤنڈ میں آنے اور جانے پر کھلاڑیوں نے الوداع کیا۔
میچ شروع ہونے سے پہلے روس ٹیلر اپنے تین بچوں میکنزی، جونٹی اور ایڈیلیڈ کے ساتھ گراؤنڈ میں موجود تھے جبکہ الوداعی موقع پر مارٹن گپٹل کو تجربہ کار کرکٹر کو تسلی دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
دریں اثنا ٹیلر کی اہلیہ وکٹوریہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی پنڈال میں موجود تھے جبکہ انہیں مخالف کھلاڑیوں کی جانب سے خصوصی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تاہم ٹیلر اپنے آخری میچ میں بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے اور 16 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا کر لوگن وین بیک کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔
ٹیلر نے تینوں فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں، انہوں نے 112 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 102 ٹی 20 میچ کھیلے، معروف کرکٹرز کی جانب سے بلے باز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
