دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے علاقے دیرا میں قائم پام آئی لینڈ پل کے نیچے ایک سوٹ کیس میں بند لاش ملی، جس کی شناخت 32 سالہ فلپائنی خاتون اینالیزا آر ایل نام سے ہوئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی پولیس کے سی آئی ڈی افسران نے قتل کے بنیادی ملزم کو ہور الانز کے ایک اپارٹمنٹ سے گرفتار کیا، پولیس نے ملزم کی شناخت کو مخفی رکھا اور نام ایم این اے بتایا ہے جبکہ ملزم قتل کا اعتراف بھی کرچکا ہے۔
غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ملزم کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پولیس کی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کے پاس وزٹ ویزا تھا اور وہ ایک ایسے شخص کے ساتھ فلیٹ میں رہتی تھیں جس کے بارے میں گمان ہے کہ وہ اُن کا بوائے فرینڈ ہے۔
ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اپنے وزٹ ویزا کی تجدید کیلئے مزید پیسوں کا مطالبہ کررہی تھیں جس پر اس نے انکار کردیا تھا۔ اینالیزا نے اس سے قبل بھی اپنے وزٹ ویزا کی تجدید کے لیے 600 درہم ادھار لیے تھے۔ تاہم پیسوں کے انکار پر بحث نے طول پکڑ لیا اور ملزم نے کپڑے کے ٹکڑے سے خاتون کا گلا گھونٹ دیا۔
ملزم نے لاش کو ایک سوٹ کیس میں بند کر کے اسے پام آئی لینڈ کے پُل کے نیچے پھینک دیا۔