نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کے گھر ڈکیتی کے دوران کروڑوں کے زیورات اور نقدی لوٹ لیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور اور ان کےشوہر آنند آہوجا کے نئی دہلی میں واقع اپارٹمنٹ میں فروری میں ہونے والی مبینہ ڈکیتی کی واردات کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس اپارٹمنٹ میں سونم کپور کے سسر ہریش آہوجا، ساس پریا آہو جا اور آنند کی دادی سرلا آہوجا رہائش پزیر ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈکیتی کے دوران تقریباً ایک کروڑ 41 لاکھ کے زیورات اور نقدی چوری کرلی گئی۔ سونم کپور کی ساس نے ڈکیتی کے خلاف تغلق روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے اور ان کے اسٹاف سے اس معاملے پر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس 25 ملازمین، 9 کیر ٹیکرز، ڈرائیورز اور دیگر ملازمین سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ پولیس میں درج کی جانے والی شکایت میں سرلا آہوجا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں چوری کا علم 11 فروری کو اس وقت ہوا جب انہوں نے اپنے زیورات کے ڈبے اور نقدی وغیرہ الماری میں چیک کیے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آخری بار دو سال قبل اپنے زیورات چیک کیے تھے۔ یہ شکایت 23 فروری کو درج کی گئی تھی۔
دریں اثنا سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا اس وقت ممبئی میں ہیں۔ دونوں بہت جلد پہلے بچے کے والدین بننے والے ہیں۔ دونوں نے اپنے گھر ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔