نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مذہبی تہوار کے موقع پر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے شدت پسندوں نے مسلمانوں کو نشانے پر رکھ لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی اور اس کی سرپرست تنظیم ’آر ایس ایس‘ کے غنڈوں نے مدھیا پردیش، گجرات، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں مسلمانوں کوتشدد کا نشانہ بنایا۔
مختلف علاقوں میں مسلمانوں کو دھونس اور دھمکیاں بھی دی گئیں، شدت پسند ہندو، مساجد کے سامنے برہنہ تلواریں لے کر موسیقی پررقص کرتے رہے۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے نفرت کی کئی فیکٹریاں قائم کررکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلی بائی ایپ کیس کے ملزم کی کم عمری کو دیکھ کر پورا ملک پوچھ رہا ہے کہ اتنی نفرت کہاں سے آتی ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ دراصل بی جے پی نے نفرت کی کئی فیکٹریاں قائم کر رکھی ہیں اور ٹیک فوگ ان میں سے ایک ہے۔
انہوں نے ایک رپورٹ کو ٹیگ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ٹیک فوگ بی جے پی کی معاون ایپ ہے جس نے سائبر آرمی کو نفرت پھیلانے اور سوشل میڈیا پرٹرینڈز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی طاقت دی ہے۔