اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نواز شریف اشتہاری مجرم ہیں، ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا وفاقی حکومت نے کہاں کوئی آرڈر پاس کیا ؟ اگر کوئی اشتہاری ہے تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اشتہاری ملزم کسی بھی ریلیف کا مستحق نہیں رہتا، عدالت کے پاس پہلے ہی بہت اہم کیسز ہیں، سائلین کے لیے قیمتی وقت ہے، عدالتی وقت ضائع کرنے پر کیوں نا آپ پر جرمانہ کیا جائے۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔