اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جلد وزیر خارجہ کے طور پروفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔
پیپلز پارٹی ذرائع نے وزارت خارجہ کے معاملے پر ڈیڈ لاک کی تردید کر دی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور محسن داوڑ کو وزارتیں ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے اندرونی ذرائع نے دعوایٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو لندن سے واپسی پر وزارت خارجہ کے لئے حلف اٹھائیں گے۔
بلاول بھٹو حکومت کے قیام اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر نواز شریف کو مبارک باد دینے بھی جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ نے حلف اٹھالیا ہے اور وزرا کو قلمدان بھی سونپ دیے گئے ہیں تاہم وزارت خارجہ کا قلمدان تاحال کسی کو نہیں دیا گیا۔