کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان انتقال کرگئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کچھ عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، گزشتہ ماہ کراچی کے نجی اسپتال میں انکی ہارٹ سرجری کی گئی تھی جس کے بعد سے وہ زیر علاج تھے، جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان پہلی بار 1987 کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر گلشن اقبال سے کونسلر منتخب ہوئے۔ وہ 2002، 2008، 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ 256 شاہ فیصل کالونی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوتے رہے اور 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ 240 لانڈھی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
اس دوران وہ قومی اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کے رکن اور وفاقی وزیر ورکس اینڈ ہاؤسنگ بھی رہے۔
رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کی نماز جنازہ کل بروز بدھ بعد نماز ظہر جامع مسجد فاروقی گلشن اقبال نزد ڈی سی ایسٹ آفس میں اور تدفین عیسیٰ نگری قبرستان میں کی جائیگی۔