ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان فلم ساز راج کمار ہیرانی کی نئی فلم ’ڈنکی‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ خان نے فلم سے متعلق اپنے انسٹاگرام پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ رخ خان راج کمار ہیرانی کی سپر ہٹ فلموں کے پوسٹرز کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
اتنے میں معروف فلم ساز شاہ رخ کے پاس چل کر آتے ہیں تو شاہ رخ انہیں کہتے ہیں کیا آپ کے پاس میرے لیے بھی کوئی کہانی ہے۔
راج کمار ہیرانی انہیں بتاتے ہیں کہ بالکل میرے پاس آپ کے لیے ایک فلمی کہانی ہے، شاہ رخ ان سے پوچھتے ہیں کہ اس فلم میں کیا کامیڈی، رومانس اور ایکشن ہے؟ تو وہ کہتے ہیں بالکل ہے۔
شاہ رخ کے پوچھنے پر وہ فلم کا نام بتاتے ہیں ’ڈنکی‘۔
اداکار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تاپسی کو ٹیگ بھی کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شریک اداکار ہوسکتی ہیں۔
اگرچہ اس وقت اس فلم کے بارے میں دیگر تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن شاہ رخ نے اعلان کیا کہ فلم 22 دسمبر 2023 کو ریلیز ہوگی۔