کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس نے شہر قائد میں مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم کو ہلاک، 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے سکھن میں بھینس کالونی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں پناہ اور عامر قادر شامل ہیں۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
ملیر کالا بورڈ سے بھی مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں دھر لیا گیا جبکہ لانڈھی ریڑھی گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت عمر اور حنیف کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔
ادھر نارتھ کراچی سیکٹر 5ڈی میں لوٹ مار کی کوشش کرنے والا ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔ لانڈھی اور نارتھ کراچی سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔