لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ سپیکر پرویز الہی کی جانب سے ریفرنس الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے۔
تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔ ریفرنس آج سپیکر کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے۔ 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے، ان منحرف ارکان نے وزیراعلی کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیکر 63 اے کی خلاف ورزی کی۔ ان منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
منحرف ارکان راجہ صغیر، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر نوانی، محمد اجمل، فیصل حیات جبوانہ، مہر محمد اسلم، خالد محمود، عبد العلیم خان کے خلاف ریفرنس جمع کرایا گیا ہے۔ نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، نعیم سلمان، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ چودھری، ساجدہ یوسف، ہارون گل، عظمی کاردار، ملک اسد کھوکھر کے خلاف بھی ریفرنس جمع کرا دیا گیا ہے۔ اعجاز مسیح گل، سبطین رضا، جاوید اختر، محسن عطا کھوسہ کے خلاف بھی ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئے ہیں۔
خیال رہے تحریک انصاف کے تمام ارکان پنجاب اسمبلی کو لیٹر جاری کر کے پابند کیا تھا کہ وہ وزیراعلی کے الیکشن میں پرویز الہی کو ووٹ دیں، مگر ان 26 ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا ووٹ دیا۔