لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب کے حلف نہ لینے کیخلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے ہدایات لیکر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صوبہ وزیر اعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے. وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ وزیراعلیٰ سے حلف نہ لینا آئین کی خلاف ورزی ہے لہذا عدالت گورنر پنجاب کو آج ہی حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم جاری کرے ۔
دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی سے سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے آج ایک بجے دوبارہ حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی جس کو عدالت نے مسترد کردیا اور کہا کہ 10 دن آپ گھر بیٹھے رہتے ہیں اور آ کر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالت کہے کہ سسٹم چلنے دیں تو آپ سسٹم نہیں چلنے دیتے. عدالتی سسٹم کو چلنے دیں، عدالت نے کل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو گورنر پنجاب سے ہدایت لیکر جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔