اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم ہیلی کاپٹر پر 55 کروڑ روپے کا تیل خرچ کیا ہے۔
نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پونے چار سالہ دور میں ہیلی کاپٹر کے تیل پر پچپن کروڑ اڑا دیے، جس پر میزبان نے ان سے آفیشل ڈیٹا مانگ لیا، مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ صبح ہی انہیں ڈیٹا بھجوا دیں گے۔
اور ساتھ یہ بھی کہا کہ جہاں حکومت کو پیٹرول چاہیے ہوتا تھا، وہاں مل جاتا تھا لیکن عوام کے لیے نہیں ملتا تھا۔
یاد رہے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر صرف پیٹرول کا خرچہ 55 روپے فی کلومیٹر آتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر کتنے کا پیٹرول جلا اس کی تفصیلات تو ابھی سامنے نہیں آئیں، لیکن 2018 میں ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے بطور وزیر اعظم اکیس سو گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ جبکہ شاہد خاقان عباسی نے چار سو گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔
دو ہزار اٹھارہ میں ہی فواد چودھری کے دعوے کے مطابق صرف مریم نواز نے 62 لاکھ روپے کا وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر سفر کیا اس میں نواز شریف کے اخراجات شامل نہیں۔