اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس سے سمری ایوان صدر کو موصول ہوگئی، جس کی تصدیق ایوان صدر سیکرٹریٹ نے کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ادھر حلف کیلئے ہنگامی اقدامات کرلئے گئے، گورنر ہاؤس میں تیاریاں بھی مکمل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے بھیجی گئی سمری میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم کاحوالہ دیا گیا ہے۔
ایوان صدر سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے متعلق سمری کا جائزہ لے رہے ہیں، صدر مملکت آئین وقانو ن کے مطابق سمری پر فیصلہ کریں گے، لاہور ہائی کورٹ نے صدر مملکت کو وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے لئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا پہلا دورہ لاہور ہوگا جس کے لئے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔