اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان، صدر عارف علوی، گورنر پنجاب سمیت اس آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کی سزا ملنی چاہیے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں عدالتوں کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ رات کو عدالتں کیوں کھلیں؟عمران صاحب آپ کا صدر پنجاب میں آئین شکنی کر رہا ہے، اس لئے رات کو عدالتیں کھلتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب فسطائیت اور آئین شکنی چھوڑیں، پارلیمان کے اغوا کار نہ بنیں۔آئین، جمہوریت اور پارلیمان کو یرغمال بناتے ہیں اور پھر کہتے ہیں عدالتیں کیوں کھلتی ہیں؟
انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم عارف علوی کی آئین شکنی دیکھ رہی ہے۔عدالتیں کھلیں تو عمران صاحب سازش کے جھوٹ بولنے لگیں گے، عدالتوں پر بھی الزام لگانے لگیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان، ان کے صدر عارف علوی، گورنر پنجاب سمیت اس آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کی سزا ملنی چاہیے۔ پوری پی ٹی آئی بیمار پڑجائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان بیمار ذہن، غیر جمہوری اور فسطائی شخص ہیں۔ ان کا سیاہ دور رات کی سیاہی کی طرح مٹ رہا ہے۔