لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شہباز گل اور عوامی تحریک کے رحیق عباسی کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) سے رجوع کرلیا۔
ایک بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میرے فیک موبائل سکرین شاٹ لگا کر پارٹی لیڈر شپ کو بدنام کیا جارہا ہے، شہباز گل اور رحیق عباسی میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں، فیک فوٹو شاپ واٹس ایپ سکرین شاٹ بنانے پر سائبر کرائم ونگ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ جلد ایف آئی اے میں اندراج مقدمے کی درخواست جمع کراؤں گی جبکہ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کو شکایت جمع کرادی گئی ہے ۔
ٹوئٹر پر رحیق عباسی کی وہ پوسٹ شیئرکی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسجد نبوی والے واقعہ کو مریم نواز صاحبہ نے براہ راست اپنی نگرانی میں عمران خان کے خلاف ایک مہم کی شکل دی، اس پر حنا پرویز بٹ کا کہنا تھاکہ یہ جعلی پوسٹ ہے ، میں اس برطانوی شہری کو ہتک عزت اور جعلی خبر پر برطانوی ہائیکورٹ میں بھی لے کر جائوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں جلد ہی برطانیہ میں وکیل کو ہدایات کردوں گی ۔