پالو آلٹو، کیلیفورنیا: اس میں کوئی شک نہیں کہ یوٹیوب نے ٹک ٹاکر سے مقابلے کے لیے اپنی مختصر ویڈیو سروس ’شارٹس‘ کا اجرا کیا تھا جس میں تیزی سے کامیابی مل رہی ہے اور اب روزانہ دیکھی جانے والی شارٹس کی تعداد 30 ارب تک جاپہنچی ہے۔
گوگل کے زیرِ انتظام یوٹیوب پلیٹ فارم پر شارٹس کے ویوز اب پانچ ٹریلیئن سے تجاوز کرچکے ہیں اوراسی بنا پر ان کے درمیان اشتہار دکھانے کا ٹیسٹ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ یوٹیوب نے اس پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ تاہم یوٹیوب نے شارٹس ویڈیو کے درمیان اشتہاردکھانے کی آزمائش بھی شروع کردی ہے۔
اس سے قبل یوٹیوب نے شارٹس ویڈیو بنانے والے کئی افراد کےلیے رقم اور ترغیبات کا اعلان کیا تھا اور اب اسے تخلیق کاروں کے لیے باقاعدہ آمدنی کے لیے بھی پرکشش بنانے کے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ گوگل کے مطابق شارٹس دیکھنے والوں کی تعداد میں بہت نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ویڈیو بنانے والوں کی آمدنی بھی بڑھی ہے۔
تاہم اب بھی شارٹس کو یوٹیوب کے مرکزی چینل کی مشہوری کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم اب بھی ٹک ٹاک کا پلڑا بھاری ہے اور سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ٹک ٹاک سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بھی ہے۔ لیکن اس رحجان کو زائل کرنے کے لیے یوٹیوب نے شارٹس پر آنے والے نئے افراد کو فوری طور پر رقم دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے تاکہ لوگوں کی بڑی تعداد کو اس جانب راغب کیا جاسکے۔