تازہ تر ین

ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے، خرم دستگیر

پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سسٹم میں ڈھائی ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرکے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے عزم کے مطابق یکم مئی صبح 5بجے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل ختم کر دی گئی ہے۔

تاہم، اپنے ٹویٹر بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ بہتر بازیابی والے فیڈر پر لوڈشیڈنگ الحمدللہ صفر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم میں 2500 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کردیا گیا ہے، وزارت توانائی عید کے دوران اور بعد میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

ملک کے مختلف حصوں سے رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ بڑے شہری مراکز کو درحقیقت بجلی کی بندش سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے کیونکہ فرٹیلائزر پلانٹس اور صنعتی کیپٹیو پاور پلانٹس سے تقریباً 120 ملین مکعب فٹ گیس جنریشن کمپنیوں کی طرف موڑ دی گئی تھی اور اس کے ساتھ کچھ نجی بجلی کی دستیابی بھی تھی تاہم، دیہاتی علاقوں میں لوگ اب بھی بجلی کی بندش کی شکایات کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے 26 اپریل کو فرٹیلائزر اور کیپٹیو پاور پلانٹس سے قدرتی گیس کی منتقلی اور پاور سیکٹر کو فنڈز کی بروقت ادائیگی کا حکم دیا تھا تاکہ یکم مئی سے بجلی کی بندش کو صفر کرنا یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شارٹ فال اور ہیٹ ویو جیسے مسائل کا سامنا ہونے کے باوجود بھی وزیر اعظم نے لوڈشیڈنگ پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی ہے۔

وزیراعظم نے عید کے ان اہم دنوں میں مزید پاور پلانٹس چلانے کے لیے پاور ڈویژن کی جانب سے فرٹیلائزر پلانٹس اور صنعتی شعبے کے کیپٹیو پاور پلانٹس سے قدرتی گیس کو 120 ایم ایم سی ایف ڈی کی حد تک سات دنوں کے لیے منتقل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دی ہے۔

عید سے قبل صنعتی سست روی اور سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے بھی بجلی میں خاطر خواہ بچت متوقع ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عید کے دوران زیادہ نقصان اٹھانے والے علاقوں کو بھی مکمل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain