اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توہین مذہب کیس میں عدالت نے پولیس کو شیخ راشد شفیق کے موبائل فون سے متعلق رپورٹ آج ہی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو 2 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر اٹک کے ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون برآمد کیوں نہیں کیا گیا؟
پولیس کی جانب سے جواب دیا گیا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون سعودی عرب میں رہ گیا ہے۔
فاضل ڈیوٹی جج نے پولیس کو آج ہی موبائل فون کی ای ایم آئی نمبر رپورٹ پیش کرنے حکم دے دیا۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے شیخ راشد شفیق کا مزید ریمانڈ لینے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ مزید ریمانڈ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بعد میں ہو گا، پہلے مال مقدمہ موبائل فون عدالت میں پیش کریں۔
شیخ راشد شفیق کو آج 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اٹک کی ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کو عمرے سے واپسی پر اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
شیخ راشد شفیق کا اٹک کی ضلعی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عید کے دوسرے دن دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔