ہنزہ: (ویب ڈیسک) ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کی صورتحال بدتر ہو گئی، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ہنزہ کی آدھی آبادی کیلئے مستعمل پینے کا واحد واٹر چینل بھی تباہ ہو گیا، انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
شیشپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج کم ہو گیا مگر سیلابی صورتحال کے باعث ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں ۔ اہم شاہراہ پر پل، مکانات اراضی، دو پاور ہاؤس سمیت پینے کے پائپ بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام واٹر چینل، انٹرنیٹ سسٹم سمیت تمام مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کے کے ایچ پر ایمرجنسی پل کی تعمیر اور متاثرین کی بھرپور امداد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں کےلئے متبادل راستے سےٹریفک گزار دی گئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کے لئے ایک ہفتے کے اندر متبادل ایمرجنسی پل لگایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے حسن آباد کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور علاقے میں ہونے والے نقصانات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال انتظامیہ کے قابو میں ہے، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔