کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اگرچہ بٹ کوائن کے ساتھ این ایف ٹی کا منظرنامہ کچھ بہتر نہیں لیکن انسٹاگرام نے کہا ہے کہ اس نے اپنی ایپ پر نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کے لیے ڈسپلے کی جگہ بنائی ہے۔ اس کی آزمائش جاری ہے تاہم مخصوص امریکی صارفین کو ہی یہ سہولت حاصل ہے۔
اس کا باضابطہ اعلان انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کیا ہے جس میں انہوں نے منتخب تخلیق کاروں کی ایپ میں اسے ظاہر کیا ہے۔ بعدازاں اس میں کرپٹوکرنسی ایتھریئم کے ساتھ پولی گون کی سہولت دی جائے گی اور اس کے بعد ویب تھری پروٹوکول فلو اور سولانا کرنسی تک اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
اس کے بعد این ایف ٹی کے مالکان اس کی ملکیت کی تصدیق کے لیے رینبو، ٹرسٹ والِٹ اور میٹاماسک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
این ایف ڈی کو مرکزی انسٹاگرام فیڈ میں شامل کیا جاسکے گا۔ یعنی وہ اسٹوریز اور ڈائریکٹ پیغامات میں بھی دکھائی دیں گی۔ ایک شش پہلو شکل (ہیگزاگون) میں ٹک سائن، صارف کی تیارکردہ این ایف ٹی کی تصدیق بھی کرسکے گا۔ اگرچہ انسٹاگرام اس پر ایک عرصے سے کام کررہا ہے۔ لیکن اب نہ صرف این ایف ٹی کی نمائش شروع کی گئی ہے بلکہ ایپ ان کی خرید و فروخت میں بھی معاونت کرے گی۔ یہاں تک کہ آپ کو مارکیٹ کا راستہ بھی بتائے گی۔
اس سے قبل میٹا کمپنی کے تحت فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے مالک مارک زکربرگ بھی این ایف ٹی میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ این ایف ٹی میٹاورس میں اپنا اہم کردار ادا کرے جس کے لیے پہلی مرتبہ ہیڈ اپ ڈسپلے اور اسکرین والی عینکوں کا ہارڈویئر اسٹور بھی کھولا گیا ہے۔
لیکن واضح رہے کہ این ایف ٹی کی خریدوفروخت میں غیرمعمولی کمی ہوئی ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق گزشتہ ستمبر سے اب تک این ایف ٹی کی فروخت میں 92 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔