لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں واحد تم ہو جس کا اسرائیل سے خاندانی واسطہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا تھا کہ ایک تصویر آئی ہے کہ ایک پاکستانی وفد پہلی بار اسرائیل گیا، یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، یہ لوگ بھارت سے بھی سمجھوتا کر کے کشمیریوں کو بیچیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز کا کہنا تھاکہ جھوٹے خط، جھوٹی عالمی سازش، قتل کا جھوٹا ڈرامہ فیل ہونے اور تاریخ کے سب سے ناکام لانگ مارچ کے بعد اب اسرائیل وفد بھیجے جانے کی انتشار خان کی ایک اور دو نمبری ہے۔ فتنہ خان پورے پاکستان میں واحد شخص تم ہو جس کا اسرائیل سے براہ راست خاندانی واسطہ ہے۔
ن لیگی کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایک مسلمان پاکستانی کے مقابلے میں زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم چلانے والے میں تمہیں وارننگ دیتی ہوں جھوٹ بولنے سے باز آجاؤ ورنہ منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔