لاہور: (ویب ڈیسک) آئی جی ریلویز فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ ٹرین میں خاتون سے زیادتی کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی ریلویز فیصل شاہکار کا کہنا تھا کہ 2 ملزمان نے اپنا موبائل فون بند کر دیا تھا، وہ کارروائی کا سن کر چھپ گئے تھے، ان ملزمان کی گرفتاری ایک چیلنج تھا، واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ٹرین میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا وہ نجی ٹرین تھی۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون سے زیادتی کا واقعہ 4 روز قبل پیش آیا تھا، خاتون کراچی سے سابقہ شوہر کے پاس بچوں سے ملنے ملتان گئی تھی، واپسی پر نجی کمپنی کی ٹرین میں سفر کے دوران خاتون کو ٹکٹ چیکرز اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ انسانیت سوز واقعہ روہڑی اور حیدرآباد کے درمیان پیش آیا تھا۔