اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کریں گے، اگرہم یہ کہہ دیں کہ بجٹ میں سب اچھا ہونے جا رہا ہے تو یہ مناسب نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان خود ایمنسٹی کے خلاف تھے لیکن انہوں نےدھڑا دھڑ ایمنسٹی دی، عمران خان کو گالی دیکر مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہر حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ترین طبقہ نہیں بلکہ متوسط طبقہ بھی پسا ہے، اگر آپ کی آمدن 40 ہزار سے کم ہے تو آپ ماہانہ 2 ہزار روپے وظیفے کے مستحق ہیں، عمران خان نے کبھی اپنی تقاریر میں اپنی کارکردگی کے بارے میں نہیں بتایا، عمران خان خیبرپختونخوا حکومت کے پروٹوکول کا مزہ لے رہے ہیں اور بنی گالہ کے محل میں بیٹھے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ملک معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے مگرعوام آج بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں، عمران خان ملک کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، آپ سے اگر کرسی چھنی ہے تو کم از کم یہ توبتا دیں 4 سال میں آپ نے کیا 4 کام اچھےکیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتا تھا آلو اور ٹماٹر کے دام کیلئے وزیراعظم نہیں بنا، سابق حکومت نے میڈیا کی زبان بندی کی، سابق وزیراعظم نے کرسی جانے کےغم میں عوام کومس گائیڈ کرنا شروع کر دیا، گزشتہ حکومت عوام کی بہتری کیلئے ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کرسکی، جب آپ سے کرسی چھن جاتی ہے تو نیو کلئیر پروگرام پر بیان بازی شروع کر دیتے ہیں، گزشتہ 4 سال میں مہنگائی میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
