کیلفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی پیٹنٹ آفس نے ایپل کمپنی کو درجنوں نئی اختراعات کے حقِ ملکیت (پیٹنٹ) دیئے ہیں۔ ان میں انگلیوں کی حرکات و سکنات محسوس کرنے والے سینسر، ایپل میک بک کا تبدیل ہونے والا انٹرفیس اور سب سے بڑھ کر آئی فون کے چارجر کو بھی میک بک لیپ ٹاپ کا حصہ بنایا جائے گا۔
توقع ہے کہ مستقبل کے لیپ ٹاپ میں یہ سہولیات شامل ہوں گی لیکن حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی ہے۔ تاہم دو روز قبل ایپل کمپنی کو تفویض شدہ پیٹنٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ میک بک میں انگلیوں کو محسوس کرنے والا شفاف سسٹم اسکرین پر سیدھی اور خمیدہ لائن کھینچنے میں مدد دے گا۔
ایک اور پیٹنٹ کے خاکے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس پر آئی فون رکھنے کی جگہ مخصوص کی گئی ہے جس کے بہت سے دیگر بہت سے گوشے بھی ہیں۔ تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ ایک مقام میک بک کے کی بورڈ کے نیچے ہتھیلی ٹکانے والے جگہ پر ہے جس کے نیچے وائرلیس چارجر کی کوائل لگائی گئی ہے اور غالب امکان ہے کہ اس پر آئی فون رکھ کر چارج کیا جاسکے گا۔ اس طرح پہلی مرتبہ ایپل لیپ ٹاپ میں آئی فون چارجر شامل ہوگا۔
ایک اور پیٹنٹ میں بند میک بک کے اوپر ایک جانب تو ہتھیلی کا بایومیٹرک سینسر لگایا گیا ہے لیکن یہ صارف کے دل کی دھڑکن، درجہ حرارت، خون میں آکسیجن کی سطح اور دیگر جسمانی کیفیات بھی نوٹ کرسکے گا۔ خیال ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کورونا وبا کے تناظر میں وضع کی گئی تھی۔
لیکن ضروری نہیں کہ ایپل اپنی تمام ٹیکنالوجیز اور پیٹنٹ کو عملی جامہ بھی پہنائے کیونکہ ماضی میں کئی حیرت انگیز ایجادات کے پیٹنٹ کے باوجود اب تک وہ منظرِ عام پر نہیں آسکی ہیں۔