لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کو شفاف بنائیں ورنہ نوجوان پولنگ سٹیشن نہیں چھوڑینگے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لاہورمیں آج 2 جگہوں پر ناشتہ کیا دونوں جگہ پرلوگ ن لیگ مخالف نظرآئے، لاہور جب جاگتا ہے تو پورا پاکستان اس ٹرینڈ کو فالو کرتا ہے، لاہور جب جاگتا ہے تو پورا ملک جاگ جاتا ہے، عید کے بعد چاروں حلقوں میں ایک ایک جلسہ کروں گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان 2 تاریخ کو پر امن جلسہ کرنے جارہا ہے،عمران خان کیساتھ 2 تاریخ والے جلسے کیلئے لال حویلی سے نکلوں گا، جو کچرا اکٹھا کیا گیا تھا عمران خان ایک ٹھوکر میں سارے انڈے غرق کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے شوق سے کرے، جس سازش کے تحت عمران خان کو اتارا گیا اس کے بعد ترقی پذیر ممالک کی کانفرنس میں پاکستان کو نہیں بلایا گیا، ایم کیو ایم، بی اے پی،شیر پاؤ دکھائی نہیں دے رہے، یہ مہنگائی پر قابو پانے آئے تھے مہنگائی نے انہیں کنٹرول کر لیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو کسی جگہ پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدوار کو ہارا ہوا شو کیا تو نوجوان پولنگ اسٹیشنوں کونہیں چھوڑیں گے، کل جو سندھ میں انتخاب ہوئے وہ الیکشن ہیں یا بدمعاشی یا دہشتگردی، ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے جن لوٹوں کو ٹکٹ دیا ہے یہ ساری عمر کیلئے نااہل ہونے چاہیں، یہ غیرآئینی اورغیرقانونی انتخابات ہیں۔
سابق وزیرداخلہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرول کی روزانہ بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب آدمی نے پیدل چلنا شروع کر دیا ہے، پاکستان میں پہلا موقع ہے جب بل آئیں گے جس میں 35 سے40 فی یونٹ اضافہ ہوگا۔