آسٹن: (ویب ڈیسک) امریکا سے تعلق رکھنے والے 3 دوستوں نےکم وقت میں امریکا کی تمام 50 ریاستیں گھوم کر عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست آسٹن سے تعلق رکھنے والے پیٹر نے اپنے 2 دوستوں پاشا اور عبدالاہی صالح کے ہمراہ 5 دن ،13 گھنٹے اور 10 منٹ میں امریکا کی تمام 50 ریاستوں کا سفر مکمل کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ تھامس کینن اور جسٹن مورس نے بنایا تھا، جنہوں نے تمام امریکی ریاستوں کا سفر مکمل کرنے میں 5 دن، 16 گھنٹے اور 20 منٹ لگائے تھے۔
اطلاعات کے مطابق تینوں دوستوں نے اپنے سفر کا آغاز گاڑی میں 13 مئی کو امریکی ریاست ورمونٹ سے کیا اور 5 دن بعد ہوائی میں اختتام کیا۔
رپورٹس کے مطابق پیٹر اور ان کے دوستوں نے اپنا زیادہ تر سفر کار میں کیا لیکن بعد ازاں انہیں ہوائی جہاز کے ذریعے بھی ایک ریاست سے دوسری ریاست جانا پڑا۔
اپنے اس سفر میں تینوں دوستوں نے مشہور جگہوں کا دورہ بھی کیا اور مزے مزے کے کھانے بھی کھائے، 50 ریاستیں گھومنے کے اس خواب کو پورا کرنے کیلئے تقریباً 12 ہزار ڈالرز (25 لاکھ سے زائد) پاکستانی روپے خرچ ہوئے۔
واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 1996 میں کم وقت میں سفر مکمل کرنے کی اپنی کیٹیگری کو ختم کر دیا تھا تاکہ تیز رفتاری یا لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی حوصلہ افزائی نہ ہو۔
تاہم پیٹر اور ان کے دوستوں کو اب آل ففٹی اسٹیٹس کلب نے اپنے ریکارڈ میں شامل کیا ہے۔